طاقتور آر ٹی آئی کمشنر اور لوک آیوکت سے مودی خائف:راہول
مظفرپور (بہار) ؍ الہٰ آباد ۔ 5 مئی ۔ (سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی لیڈر نریندر مودی کو ’’لیکچربازی‘‘ کا مورد الزام ٹھہراتے ہوئے صدر کانگریس سونیاگاندھی نے آج کہا کہ اپوزیشن کے وزارت عظمیٰ امیدوار ایسا رویہ اپنائے ہوئے ہیں جیسے کہ وہ تمام کے مقابل دیانتدار لیڈر ہیں ، اور انھوں نے اپوزیشن لیڈر کو تاریخ دوبارہ پڑھنے کا مشورہ دیا تاکہ آزادی کے بعد سے اس ملک کو غریب مملکت سے ترقی پذیر قوم میں ڈھالنے کے معاملے میں اُن کی پارٹی کے رول کے تعلق سے جانکاری حاصل ہوسکے۔ سونیا نے ریاستی دارالحکومت پٹنہ کے قریب ایک جلسہ عام سے خطاب میں کہا ، ’’نریندر مودی آج کل لیکچر دیتے پھر رہے ہیںکہ ایک وہ ہی دودھ کے دھلے ہیں ‘‘ ۔ مودی کے ایسے الزامات پر سخت جواب دیتے ہوئے کہ کانگریس نے اس ملک کیلئے کچھ نہیں کیا ، سونیا نے انھیں ’’سچائی ‘‘ جاننے کیلئے تاریخ کا سبق دوبارہ پڑھنے کا مشورہ دیا ۔ اس دوران یو پی کے الہٰ آباد میں راہول گاندھی نے مودی پر الزام لگایا کہ وہ آر ٹی آئی کمشنر اور لوک آیوکت کے گجرات میں تقرر پر اس اندیشہ سے تلملارہے ہیں کہ اُن کے پسندیدہ صنعتی گروپ کو فوائد کی فراہمی میں مبینہ بے قاعدگیوں کی پاداش میں ان پر مقدمہ قائم کیا جاسکتا ہے ۔ نائب صدر کانگریس نے انتخابی ریالی سے خطاب میں کہا ،’’ مودی آپ کو جھانسہ دینے کی کوشش کررہے ہیں کہ وہ قابل چوکیدار بن کے دکھائیں گے ۔ آپ یاد رکھیں کہ کئی بار خود یہی چوکیدار نے نقب زنی کی ہے ۔ جوکھم تو اور بڑھ جاتا ہے جب آپ کے پاس صرف واحد چوکیدار رہے جس پر نظر رکھنے والا کوئی نہ ہو‘‘۔ راہول کے حلقہ انتخاب امیٹھی میں آج انتخابی مہم اختتام پذیر ہوئی اور وہاں چہارشنبہ کو پولنگ ہوگی۔