مودی کا وزیراعظم بننے کا خواب ادھورا ہی رہے گا: لالو

پٹنہ ؍ ناسک 28 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کے وزارت عظمیٰ کے امیدوار نریندر مودی کو ’’انتشار پسند‘‘ قائد ہونے کا الزام عائد کرتے ہوئے آر جے ڈی کے سربراہ لالو پرساد یادو نے کہاکہ اُن کا وزیراعظم بننے کا خواب کبھی شرمندۂ تعبیر نہیں ہوسکے گا۔ اُنھوں نے کہاکہ ملک کے عوام مودی کو کسی بھی قیمت پر وسیع تر قومی مفادات کے پیش نظر وزیراعظم بننے نہیں دیں گے۔ وارناسی کے لارڈ شیوا بھی اُنھیں اتحاد اور یکجہتی کے لئے خطرناک ایجنڈہ پر عمل آوری کے لئے اُنھیں کبھی معاف نہیںکریں گے۔ ناسک سے موصولہ اطلاع کے بموجب نریندر مودی پر تنقید کرتے ہوئے این سی پی کے صدر شردپوار نے الزام عائد کیاکہ بی جے پی کے سینئر قائد کو ملک کے اعلیٰ ترین عہدہ پر فائز ہونے کی بہت زیادہ جلدی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ ہمارے جمہوری ملک میں قبل ازوقت کسی کو بھی وزارت عظمیٰ کا امیدوار ظاہر نہیں کیا گیا۔