مابعد انتخابات کی حکمت عملی پر کانگریس کی توجہ مرکوز
احمدآباد ؍ نئی دہلی ،12مئی (سیاست ڈاٹ کام) لوک سبھا انتخابات کا نواں اور آخری مرحلہ اختتام پذیر ہونے کے کچھ ہی دیر میں بی جے پی کے وزارت عظمیٰ امیدوار نریندر مودی نے آج شام سلسلہ وار ٹوئٹس میں ووٹروں، الیکشن کمیشن اور ’’سوشل میڈیا‘‘ سے اظہار تشکر کیا ہے۔ ’’ہندوستان نے ووٹ ڈال دیئے ہیں! ہندوستان کے عوام کو 2014ء کے لوک سبھا انتخابات کی کامیاب تکمیل پر مبارکباد پیش ہے،‘‘ مودی نے تقریباً 6:30 بجے شام ٹوئٹر پر یہ بات کہی۔ مودی نے جنھیں آخری مراحل میں الیکشن کمیشن سے ٹکراؤ کی راہ پر چلتے دیکھا گیا، آج شام انتخابی ادارہ کی ستائش کی۔ ’’میں ای سی اور سارے الیکشن اور سکیورٹی اسٹاف کو تمام الیکشن کے دوران اُن کی جہد مسلسل کیلئے مبارکباد پیش کرتا ہوں‘‘۔ انھوں نے رائے دہندوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا، ’’انتخابات 2014ء کی سب سے بڑی خوشی اضافی شرکت رہی ہے۔ شدید موسم کے باوجود عوام بڑی تعداد میں ووٹ دینے آئے ہیں‘‘۔ دریں اثناء وزیراعظم منموہن سنگھ اور صدر کانگریس سونیا گاندھی کے بشمول سرکردہ پارٹی قائدین چناؤ کا دشوار مرحلہ طئے کرنے کے بعد اب مابعد چناؤحکمت عملی پر غوروخوض میں جٹ گئے ہیں۔ سونیا گاندھی کی زیرقیادت کانگریس کور گروپ کا اجلاس ایسے وقت منعقد ہورہا ہے جبکہ ایگزٹ پول نے یو پی اے کی شکست کی پیش قیاسی کی ہے۔