شملہ ۔27 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہماچل پردیش کے دارالحکومت کے ایک ریستوران سے پھیلنے والی کافی کی خوشبو اس قدر طاقتور اور پرکشش ثابت ہوئی کہ وزیراعظم نریندر مودی بھی اس سے گریز نہ کرسکے اور وہ پہلے سے مقررہ کسی پروگرام کے بغیر اچانک آج یہاں توقف کرنے پر مجبور ہوگئے اور خوشبودار کافی کے مزے دار چسکے لیے۔ اس موقع پر وہاں موجود مقامی افراد حیرت و خوشی سے ملے جھلے جذبات کے ساتھ یہ منظر دیکھتے رہے۔ وزیراعظم کا قافلہ اس وقت اچانک ’انڈین کافی ہائوس‘ کے روبرو رک گیا جب وہ ہماچل کے نئے چیف منسٹر کی حیثیت سے جئے رام ٹھاکر کی حلف برداری تقریب میں شرکت کے لیے روانہ ہورہے تھے۔ نریندر مودی سکیوریٹی خطرات اور اندیشوں کو نظرانداز کرتے ہوئے اپنی کار سے باہر آئے اور سیدھے ہوٹل کے اس مقام پر پہنچ گئے جہاں عوام کا بڑا ہجوم موجود تھا۔