مودی کا دورہ جافنا سری لنکا میں مداخلت: چین

بیجنگ 20 ۔ مارچ ( سیاست ڈاٹ کام )چین کے ایک سرکاری تھنک ٹنک نے یہ اندیشہ ظاہر کیا ہے کہ وزیر اعظم ہند نریندر مودی کا تمل اکثریت والے جافنا کا دورہ کرنا سری لنکا کے داخلی معاملات میں مداخلت کے مترادف ہے ۔ ہندوستان اور سری لنکا کے تعلقات کا جو موجودہ موقف ہے اس کی بنیاد پر چین کے اس اندیشہ کو حق بجانب قرار دیا جاسکتا ہے ۔ شنگھائی انسٹی ٹیوٹ فار انٹرنیشنل اسٹیڈیز کے اسسٹنٹ محقق نے اپنے ایک مضمون میں کہا کہ مودی کے دورہ سری لنکا کو متعدد ممالک کے میڈیا نے خصوصی اہمیت دی ہے جن میں چین سب سے اہم ہے ۔ مودی نے اپنے دورہ سری لنکا میں جافنا کو بھی شامل رکھا تھا جو دراصل ہندوستان کی جانب سے سری لنکا کے داخلی معاملات میں مداخلت کے مترادف ہے ۔ مضمون میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ دنیا کا ہر ملک بڑے ممالک کے ساتھ ساتھ چھوٹے چھوٹے اور ترقی پذیر ممالک کے ساتھ بھی اپنے تعلقات متوازن رکھنے کی کوشش کرتا ہے جس کا ثبوت یہ ہے 1.5 بلین امریکی ڈالرس پر مشتمل کولمبو پورٹ سٹی پراجکٹ کیلئے آمادگی ظاہر کرنا ہے جو دراصل چین کی جانب سے سرمایہ کاری کے ذریعہ پایہ تکمیل کو پہنچے گا ۔