مودی کا آج نظام آباد ‘ کریمنگر ‘ محبوبنگر و حیدرآباد میں خطاب

حیدرآباد 21 اپریل ( پی ٹی آئی ) بی جے پی لیڈر نریندر مودی کل تلنگانہ علاقہ میں نظام آباد ‘ کریمنگر اور محبوب نگر میں پارٹی امیدواروں کے حق میں انتخابی مہم میں حصہ لیں گے ۔ تلگودیشم سربراہ چندرا بابو نائیڈو محبوب نگر اور بعد ازاں لال بہادر اسٹیڈیم میں انتخابی جلسوں میں مودی کے ساتھ شامل ہوجائیں گے ۔ تلگو فلم اسٹار پون کلیان بھی حیدرآباد میں ان دونوں کے ساتھ جلسے میں شریک ہونگے ۔ پون کلیان نے حال ہی میں جنا سینا پارٹی بناتے ہوئے وزارت عظمی کیلئے نریندر مودی کی تائید کی تھی ۔ بی جے پی نے آج نریندر مودی کے انتخابی دورے کا شیڈول جاری کیا اور یہ واضح نہیں کیا کہ آیا پون کلیان حیدرآباد کے علاوہ دوسرے جلسوں میں بھی شریک ہونگے یا نہیں۔ ابتداء میں یہ سمجھا جارہا تھا کہ چندرا بابو نائیڈو اور پون کلیان مودی کے تمام انتخابی جلسوں میں شریک ہونگے تاہم اب تلگودیشم سربراہ نظام آباد اور کریمنگر کے جلسوں میں شریک نہیں ہونگے کیونکہ انہیں اپنی پارٹی کیلئے چتور میں انتخابی مہم میں حصہ لینا ہے ۔ تلگودیشم رکن پارلیمنٹ وائی ستیہ نارائنا چودھری نے کہا کہ وقت کی تنگی کی وجہ سے چندرا بابو نائیڈو صرف حیدرآباد اور محبوب نگر کے جلسوں میں شریک ہونگے ۔ بی جے پی کے قومی ترجمان پرکاش جاودیکر نے کہا کہ مودی اور چندرا بابو نائیڈو مئی کے پہلے ہفتے میں ساحلی آندھرا اور رائلسیما علاقوں میں بھی اسی طرح کے جلسوں میں شریک ہونگے ۔ وہاں 7 مئی کو پولنگ ہونے والی ہے ۔