مودی کابینہ میں ٹی آر ایس کی شمولیت، این ڈی اے کو اختیار

تلگودیشم سے بی جے پی کی دوری کی قیاس آرائیوں کی تردید: کشن ریڈی
حیدرآباد 26 مئی (این ایس ایس) وزیراعظم نریندر مودی کے زیرقیادت این ڈی اے حکومت میں ٹی آر ایس کی شمولیت کی قیاس آرائیوں کے درمیان تلنگانہ بی جے پی کے صدر جی کشن ریڈی نے آج کہاکہ اِس مسئلہ پر این ڈی اے ہی قطعی فیصلہ کی مجاز ہے۔ بی جے پی کے ساتھ قریبی تعلقات استوار کرنے ٹی آر ایس کی کوششوں پر اخباری نمائندوں کی جانب سے مسٹر ریڈی کی توجہ مبذول کروائے جانے پر اُنھوں نے جواب دیا کہ یہ فیصلہ اُن کے دائرہ کار میں شامل نہیں ہے بلکہ صرف این ڈی اے ہی قطعی فیصلہ کرسکتا ہے۔ تلگودیشم رکن اسمبلی ای دیاکر راؤ کے اِس تبصرہ پر کہ این ڈی اے میں ٹی آر ایس کی شمولیت کی صورت میں تلگودیشم پارٹی، بی جے پی سے اپنے تعلقات منقطع کرلے گی، کشن ریڈی نے وضاحت کی کہ یہ اطلاعات بے بنیاد ہیں اور دیاکر راؤ نے ایسا کوئی بیان نہیں دیا ہے۔ اِس دوران کانگریس قائدین بھی الزام عائد کررہے ہیں کہ ٹی آر ایس سربراہ کے سی آر، بی جے پی کے ساتھ قریبی تعلقات قائم کرنے کی کوششیں کررہے ہیں تاکہ وہ اپنی دختر کے کویتا کو مودی کابینہ میں وزارتی عہدہ دلاسکیں۔ یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ نظام آباد کی رکن پارلیمنٹ کویتا نے پیر کو کہا تھا کہ این ڈی اے کی پیشکش کی صورت میں اُن کے والد (کے سی آر) ہی ٹی آر ایس کی مودی کابینہ میں شمولیت کا فیصلہ کرسکتے ہیں۔