اسلام آباد ۔ 8 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کی آئندہ نسل کے سیاستداں بلاول بھٹو زرداری نے آج وزیراعظم نریندر مودی کو تنقیدوں کا نشانہ بنایا اور کہا کہ پاکستان گجرات میں متاثرین کے برعکس سخت جوابی کارروائی کرسکتا ہے۔ اس سے پہلے انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان سارے کشمیر کو حاصل کرکے رہے گا۔ بھٹو خاندان سے تعلق رکھنے والے 26 سالہ بلاول نے ہندوستان پر پاکستان کے خلاف ’’اسرائیل ماڈل‘‘ اختیار کرنے کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے ٹوئٹر پر لکھا کہ لائن آف کنٹرول پر ایک اور حملہ کیا گیا۔ ہندوستان نے پاکستان کے خلاف اسرائیلی طریقہ کار اختیار کیا ہے۔ مودی کو یہ جان لینا چاہئے کہ ہم جوابی کارروائی کرسکتے ہیں اور ہم گجرات کے متاثرین کی طرح نہیں ہیں۔ بلاول بھٹو کا یہ تبصرہ ایسے وقت سامنے آیا جبکہ انہوں نے 19 ستمبر کو ملتان میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ سارے کشمیر کو واپس حاصل کیا جائے گا۔ بلاول بھٹو نے 2018ء میں انتخابی مقابلے کا فیصلہ کیا ہے۔