بی جے پی کا ایجنڈہ نفرت پر مبنی ۔ کانگریس پر بھی شدید تنقید ۔ نظام کالج پر جلسہ سے خطاب
حیدرآباد۔15اپریل(سیاست نیوز) صدر بہوجن سماج پارٹی شریمتی مایا وتی نے کہاکہ نریند ر مودی اگر اقتدار پر فائز ہونگے تو ہندوستان کو ایک اور تقسیم کی صورتحال کا سامنا کرنا پڑے گا۔نظام کالج میں منعقدہ ایک جلسہ میں بہوجن سماج سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ نریندر مودی اور بی جے پی کے نظریات نفرت پر مبنی ہیں اور ایسے نفرت پسند عناصر کو اقتدار سے دور رکھنے میںہی ملک کی بھلائی ہے۔ مایاوتی نے 2002کے گجرات فسادات کو روکنے میں مودی کو ناکام قراردیا جسکے سبب سینکڑوں مظلوموں کو اپنی جان گنوانی پڑی باوجود اسکے مودی اس ملک کے وزیر اعظم بننے کا خواب دیکھ رہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ مودی اگر وزیر اعظم بنتے ہیں تو ہندوستان کی ہر ریاست میں گجرات کا تجربہ اپنا جائیگا اور ملک فرقہ وارانہ فسادات کی لپیٹ میں آجائیگا۔ انہوں نے این ڈی اے کے چھ سالہ دور اقتدار کی یاد دلائی اور کہاکہ ان چھ سالوں میں این ڈی اے نے ترقی کاموں کا آغاز بھی نہیںکیا تھا باوجوداسکے مودی ترقی کی بنیاد پر ووٹ مانگ کر عوام کو گمراہ کررہے ہیں۔انہوں نے کانگریس کو پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ راہول گاندھی کانگریس کے وزیر اعظم امیدوار ہیں مگر کانگریس نے سب سے زیادہ مرکز میںحکمران جماعت کی حیثیت سے رہی ہے انہوں نے کہاکہ کانگریس اپنے ہر انتخابی منشور میںبڑے دعوے تو کرتی ہے مگر ان پر عمل آوری میں کانگریس نے سنجیدہ رویہ اختیار نہیں کیا۔
انہوں نے کہاکہ کئی مرتبہ مرکز پر حکمرانی کے باوجود انتخابی منشور کے وعدوں کو پورا نہیں کرسکی ۔مایاوتی نے کانگریس ‘ بی جے پی کے بشمول دیگر سیاسی جماعتوں پر کارپوریٹ اداروں کے ایجنٹ کا کام کرنے کا الزام عائد کیا اور کہاکہ اگر ان میں سے کوئی جماعت برسراقتدار آتی ہے تو مذکورہ سیاسی جماعتیں کارپوریٹ اداروں کو فائدہ پہنچانے کا کام کریں گے جو اس ملک کی عام عوام کی پریشانیوں میںاضافہ کا سبب بنے گا۔ انہوںنے کہاکہ پورے ملک میں سوائے بہوجن سماج پارٹی کے کوئی سیاسی جماعت نہیںجو صرف اپنے سماج اور کارکنوں کے تعاون سے انتخابات میں حصہ لیتی ہے۔ مایاوتی نے کہاکہ بہوجن سماج پارٹی کے نظریات ملک کو ایک اورتقسیم سے بچانے کے ہیں باہمی اتحاد‘ فرقہ وارانہ ہم اہنگی‘بھائی چارے کافروغ ہی بہوجن سماج پارٹی کے نظریہ ہے اور اس کی تشہیر کیلئے آندھرا پردیش کے دونوں علاقوں یعنی تلنگانہ اور آندھرا سے پارٹی نے اس مرتبہ اچھی تعداد میں اپنے امیدوار کھڑا کئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بہوجن سماج پارٹی کے امیدواروں کی کامیابی قومی سالمیت کو استحکام پہنچانے کا ذریعہ بنے گا۔