مودی وزارت عظمی کے منتظر ہی رہ جائیں گے : کانگریس

گذشتہ انتخابات میں ایل کے اڈوانی کا بھی ایسا ہی حشر ہوا تھا ۔ اجئے ماکین کی جوابی تنقید
بی جے پی صرف امیدوار دے سکتی ہے وزیر اعظم ہم دینگے
منیش تیواری کادعوی
نئی دہلی 19 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی پر جوابی وار کرتے ہوئے کانگریس نے آج کہا کہ وزیر اعظم یا چیف منسٹر کے امیدوار کے اعلان کرنے کا طریقہ کار ناکام ثابت ہوا ہے اور اب تک جتنے امیدواروں کا اعلان کیا گیا ان میں کوئی بھی اس عہدہ تک نہیں پہونچا ہے ۔ پارٹی نے کہا کہ نریندر مودی کا بھی یہی حشر ہوگا اور وہ وزیر اعظم کبھی نہیں بنیں گے ۔ کل ہند کانگریس کے جنرل سکریٹری و محکمہ مواصلات کے صدر نشین اجئے ماکین نے کہا کہ جب سے راہول گاندھی کو کانگریس کی انتخابی مہم 2014 کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے

بی جے پی متفکر ہوگئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی یہ عادت ہوسکتی ہے کہ وہ اپنے وزارت عظمی امیدوار کا اعلان کرے ۔ انہوں نے ایل کے اڈوانی کو بھی گذشتہ انتخابات میں وزارت عظمی امیدوار نامزد کیا تھا ۔ وہ ہنوز اس عہدہ کا انتظار ہی کرتے رہ گئے ۔ انہوں نے ہر وردھن اور وجئے کمار ملہوترہ کو دہلی میں وزارت اعلی کے امیدوار نامزد کیا تھا اور وہ ابھی تک اس عہدہ کے منتظر ہی ہیں۔ کانگریس کے قائدین میں کسی کو وزیر اعظم یا چیف منسٹر امیدوار نامزد نہیں کیا جاتا ۔ یہ قائدین خود ہی وزیر اعظم یا چیف منسٹر بن جاتے ہیں۔ جب ہمارے پاس اپنا خود کا کامیاب فارمولہ ہے تو پھر ہم کیوں بی جے پی کے ناکام طریقہ کار کو اختیار کریں ؟ ۔

واضح رہے کہ بی جے پی اور مودی مسلسل کانگریس کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں کہ اس نے راہول کو وزارت عظمی امیدوار نامزد نہیں کیا ہے ۔ ان کا الزام ہے کہ سونیا نے پارٹی کی یقینی شکست کے پیش نظر فرزند کی سیاسی قربانی سے گریز کیا ہے ۔ انہوں نے اقتدار ملنے پر ملک میں 100 اسمارٹ شہر قائم کرنے مودی کے اعلان کا بھی مضحکہ اڑایا اور کہا کہ ہم اب تک سمجھت یتھے کہ مودی کو تاریخ سے ہی لا علمی ہے ۔

اب آج کی تقریر سے واضح ہوگیا کہ وہ حقائق سے بھی واقف نہیں ہیں ۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ 100 نئے شہر بسائیں گے جبکہ یو پی اے کے دس سالہ اقتدار میں 2,234 شہر آباد کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح دہلی میں اقتدار کی تبدیلی کے باوجود ہرش وردھن وزارت اعلی کے منتظر ہی رہ گئے اسی طرح لوک سبھا انتخابات کے بعد مودی وزارت عظمی کے منتظر ہی رہ جائیں گے۔ مرکزی وزیر منیش تیواری نے اپنے رد عمل میں کہا کہ بی جے پی صرف وزارت عظمی امیدوار دے سکتی ہے جبکہ کانگریس وزرائے اعظم دیتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے کبھی وزارت عظمی امیدوار نہیں دئے بلکہ راست وزیر اعظم اور چیف منسٹر دئے ہیں ۔