پی ایم نے 15 دوستوں کو ’اعظم ترین آمدنی ضمانت‘ دی ۔ صدر کانگریس کا دعویٰ
نئی دہلی ؍ کوچی ، 29 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) صدر کانگریس راہول گاندھی نے آج الزام عائد کیا کہ وزیراعظم نریندر مودی نے ملک کے قیمتی پانچ سال ’’ضائع‘‘ کردیئے اور اب ’’تبدیلی‘‘ کا وقت آچکا ہے۔ انھوں نے کہا کہ وہ ایسا دیکھنا چاہتے ہیں کہ چینی نوجوانوں کے پاس استعمال میں ایسے فون ہوں جن پر ’’میڈ اِن انڈیا‘‘ کندہ ہو، نا کہ اس کا برعکس ہو۔ راہول نے فیس بک پوسٹ میں کہا کہ ہم ایسا کرسکتے ہیں۔ ہمیں قوم کے طور پر مل جل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ ’’نریندر مودی اس ملک کے قیمتی وقت کے پانچ سال ضائع کرچکے ہیں۔ اب مزید نہیں! ‘‘ دریں اثناء کوچی (کیرالا) میں بوتھ لیول پارٹی ورکرز کی میٹنگ میں راہول نے پی ایم مودی پر چوٹ کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے اپنے 15 دوستوں کو ’اعظم ترین آمدنی ضمانت‘ فراہم کی ہے۔ صدر کانگریس نے گزشتہ روز ہی اعلان کیا تھا کہ اُن کی پارٹی کو مرکز میں اقتدار حاصل ہو تو وہ غریبوں کیلئے ’اقل ترین آمدنی ضمانت‘ کو یقینی بنائے گی۔ انھوں نے کہا کہ اگر مودی 15 امیر لوگوں کو اعظم ترین آمدنی کی ضمانت دے سکتے ہیں تو ہم نے ہر شہری کو اقل ترین آمدنی کی ضمانت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔