مودی نے معیشت تباہ کردی ‘ کانگریس ہی بی جے پی کو شکست دینے کی اہل

عام آدمی پارٹی نے 2014 میں مودی کی راہ ہموار کی ۔ دونوں نے نا ممکن وعدے کئے ‘انتخابی ریلی ‘کانگریس صدر راہول گاندھی کا خطاب
نئی دہلی 9 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس کے صدر راہول گاندھی نے آج عام آدمی پارٹی پر الزام عائد کیا کہ اسی نے 2014 میں نریندر مودی کیلئے دروازے کھولے تھے اور صرف کانگریس ہی وہ واحد پارٹی ہے جو بی جے پی کو شکست دے سکتی ہے ۔ یہاں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے راہول گاندھی نے یہ اعتراف کیا کہ ماضی میں کانگریس نے غلطیاں کی تھیں۔ لیکن انہوں نے کہا کہ پارٹی کے ارادے اچھے تھے اور اس نے ایسا ایک بھی وعدہ نہیں کیا جو وہ پورا نہ کر پائے ۔ راہول گاندھی کی گذشتہ چار دن میں یہ دہلی میں دوسری ریلی تھی ۔ مشرقی دہلی کے امیدوار اروندر سنگھ لولی کیلئے مہم میں حصہ لیتے ہوئے کانگریس صدر نے کہا کہ وزیر اعظم نریندرمودی اور چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال نے ایسے وعدے کئے تھے جو پورے نہیں کئے جاسکتے ۔ انہوں نے کہا کہ عام آدمی پارٹی نے 2014 میں نعرہ دیا تھا کہ اروند کجریوال چیف منسٹر اور نریندر مودی وزیر اعظم بننا چاہئے ۔ اسی پارٹی نے نریندر مودی کیلئے دروازے کھولے تھے ۔ راہول گاندھی نے کہا کہ عام آدمی پارٹی کے دفتر میں ’’ چوکیدار چور ہے ‘‘ کا نعرہ نہیں لگایا جاسکتا ۔ ان میں یہ نعرہ لگانے کا حوصلہ نہیں ہے لیکن وہ ( راہول ) یہ نعرہ لگاتے ہیں کیونکہ وہ مودی سے نہیں ڈرتے ۔ پیر کو ایک ریلی سے خطاب میں راہول گاندھی نے اتحاد کیلئے بات چیت کی ناکامی کیلئے عام آدمی پارٹی کو ذمہ دار قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ ایک متفقہ موقف سے اروند کجریوال نے انحراف کیا اور وہ دہلی کے باہر بھی کانگریس سے اتحاد کرنا چاہتے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ عام آدمی پارٹی مسلسل یہ شکایت کرتی ہے کہ اسے کام کرنے سے روکا جا رہا ہے حالانکہ خود وہ اقتدار میں ہے اور اسے عوام کے مسائل کو حل کرنے کیلئے آگے آنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ دہلی میں سیلنگ جاری ہے ۔ چھوٹے تاجرین دہلی کی معیشت میں اہمیت رکھتے ہیں۔ انہیں مسائل ہو رہے ہیں اور عام آدمی پارٹی حکومت کہتی ہے کہ وہ کچھ نہیں کرسکتی ۔ نوٹ بندی جیسے مسئلہ پر وزیر اعظم نریندرمودی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئیراہول گاندھی نے کہا کہ نوٹ بندی اور جی ایس ٹی نے ملک کی معیشت کو نقصان پہونچایا ہے ۔ مودی خود کو قوم پرست کہتے ہیں لیکن انہوں نے اپنے اقدامات ہی سے ملک کی معیشت کو تباہ کردیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مودی نے عوام کو تو رقومات کیلئے طویل قطاروں میں کھڑا کردیا لیکن نیرو مودی ‘ میہول چوکسی اور وجئے مالیا ان قطاروںمیں نہیں کھڑے رہے اور انہیں بیرونی ممالک کو فرار ہونے کا موقع بھی دیدیا ۔ راہول نے کہا کہ مودی نے دہلی میں سیلنگ لائی ‘ نوٹ بندی اور جی ایس ٹی کے اقدامات کے ذریعہ وہ چھوٹے دوکانداروں کو ختم کردینا چاہتے ہیں۔ وہ اوسط درجہ کے کاروبار کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔ وہ ملک کے چند گنے چنے بڑے تاجروں کے ایجنٹ ہیں۔ وہ عوام سے رقومات چراتے ہیں اور ان صنعتکاروں کے حوالے کردیتے ہیں۔ این ڈی اے حکومت کے کئی پروگراموں کا مضحکہ اڑاتے ہوئے صدر کانگریس نے کہا کہ مودی نے میک ان انڈیا ‘ اسٹارٹ اپ انڈیا ‘ اسٹانڈ اپ انڈیا جیسے کئی پروگرامس شروع کرنے کے دعوی کئے اس کے باوجود اب ملک میں بیروزگاری 45 سال میں سب سے زیادہ ہوگئی ہے ۔ انہوں نے کانگریس کی غلطیوں کا اعتراف کیا اور کہا کہ کانگریس نے غلطیاں کی ہیں۔ غلطیاں ہوجاتی ہیں لیکن پارٹی کے ارادے اچھے تھے ۔ نیت نیک تھی ۔ ہم وہ کرتے ہیں جو کہتے ہیں۔ چھتیس گڑھ ‘ راجستھان اور مدھیہ پردیش میں کانگریس نے زرعی قرض 10 دن میں معاف کرنے کا اعلان کیا تھا اور ایسا کرکے بھی دکھادیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہر شہری کے کھاتے میں 15 لاکھ روپئے جمع کروانے جیسے نا ممکن وعدے نہیں کرتے ۔ اگر انہیں ہلاک بھی کردیا جائے تو وہ ایسا کوئی وعدہ کرنے تیار نہیں ہیں جسے پورا نہ کیا جائے ۔ مودی اور کجریوال ایسے وعدے کرتے ہیں جن کی تکمیل ممکن نہیں ہوسکتی ۔