حیدرآباد 2 نومبر ( این ایس ایس ) ملک بھر میں اقلیتوں پر حملوں کے واقعات میں اضافہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سی پی ایم جنرل سکریٹری سیتارام یچوری نے آج وزیر اعظم نریندر مودی پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے اپنی ووٹ بینک کی سیاست کی خاطر فرقہ پرستی کا احیاء کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی کی 22 ویں قومی کانفرنس 18 تا 22 اپریل حیدرآباد میں منعقد ہوگی ۔ سی پی ایم قومی کانفرنسوں کی دعوت کمیٹی کے تیاری اجلاس میں حصہ لیتے ہوئے یچوری نے کہا کہ لوگ نوٹ بندی اور جی ایس ٹی کے نفاذ کے بعد مودی حکومت سے بیزار ہوچکے ہیں۔ سی پی ایم پولیٹ بیورو کے رکن بی وی راگھولو نے دو تلگو ریاستوں تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں حکومتوں کی سرمایہ دارانہ پالیسیوں پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ دونوں چیف منسٹرس عوام مخالف پالیسیوں پر عمل کر رہے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ دونوں ہی حکومتیں سرمایہ داروں کی پالیسی پر عمل کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان ہی پالیسیوں کے خلاف جدوجہد کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کمیونسٹ جماعتیں غریب عوام اور کسانوں کے ساتھ ہیں۔