اسلام پور(مغربی بنگال) 22 اپریل (سیاست ڈاٹ کام )نریندر مودی نے عوام کو گمراہ کرنے کی تمام حدیں پار کرلی ہیں ۔ ان کی کوشش ہے کہ بہر قیمت وزیر اعظم کی کرسی حاصل کرلیں۔ صدر کانگریس سونیا گاندھی نے آج بی جے پی کے وزار ت عظمی کے امیدوار پر اپنی سخت تنقید جاری رکھتے ہوئے کہا کہ بعض پارٹیوں کا پورا ایجنڈہ کانگریس کے خلاف جھوٹی باتیں کرنا ہی ہے ۔ خاص طور پر بی جے پی کے قائد عوام کو گمراہ کرنے کی تمام حدیں پار کرچکے ہیں تا کہ وزیر اعظم کا عہدہ حاصل کرسکیں۔ وہ پورے ملک کو جنون میں مبتلا کررہے ہیں تاہم انہوں نے راست طور پر مودی کا نام نہیں لیا۔ وہ رائے گنج انتخابی حلقہ سے کانگریس امیدوار دیپا داس منشی کی انتخابی مہم میں حصہ لے رہی تھی۔ سونیا گاندھی نے الزام عائد کیا کہ عہد ہ کیلئے انہوں نے جھوٹ کے اتنے بڑے نیٹ ورک کو پھیلا رکھا ہے کہ یہ ملک کی جمہوریت کے محفوظ ہونے کے بارے میں اندیشے پیدا کرتا ہے ۔ کیا ایسے لوگوں کے ہاتھوں جمہوریت محفوظ رہ سکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے عظیم قائدین میں دیگر کارکنوں کے ساتھ سخت محنت کرتے ہوئے اور عظیم قربانیاں دیتے ہوئے اس ملک کی تعمیر کی ہے اور پورے ملک کا اتحاد برقرار رکھا ہے ۔ گذشتہ 10 سالہ دور حکومت میں یو پی اے نے تمام کی بھلائی کیلئے کام کیا ہے ۔ اس لئے فیصلہ آپ کے ہاتھوں میں ہے ۔ دنیا بھر میں معاشی مسائل کے باوجود ہندوستان کی شرح ترقی اچھی تھی ۔ ہم نے ایسی پالیسی اور پروگرام بنائے تھے اور ایسے قوانین منظور کئے تھے جن سے ہر ایک کو فائدہ پہنچتا ہے ۔