کورین چوکیدار کی عدالت کی کٹھ پتلی ، راجستھان میں صدر کانگریس کی تقاریر
الور ۔ 4 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) صدر کانگریس راہول گاندھی نے آج وزیراعظم نریندر مودی پر ملازمتوں کے مواقع، زرعی قرضوں کی معافی، رافیل سودے اور نوٹوں کی تنسیخ کے اقدام پر تنقید کی۔ انہوں نے مودی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے دو کروڑ افراد کو 2014ء کے لوک سبھا انتخابات کے اندرون 9 ماہ ملازمتیں فراہم کرنے کا تیقن دیا تھا لیکن وہ اس کی تکمیل سے قاصر رہے۔ نریندر مودی نے 2014ء کی اپنی انتخابی تقریروں میں کہا تھا کہ وہ دو کروڑ نوجوانوں کو ملازمتیں فراہم کریں گے۔ اگر وہ ملازمتیں فراہم کرنے میں کامیاب رہتے تو چار نوجوان الور میں خودکشی کیوں کرتے۔ راہول گاندھی نے قصبہ مالاقھیرا ضلع الور میں انتخابی تقریر کرتے ہوئے یہ الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ تین دوست ہلاک ہوگئے جبکہ ایک لڑکا زخمی ہوا جبکہ اس نے مبینہ طور پر ایک چلتی ٹرین سے اقدام خودکشی کے طور پر گذشتہ ماہ ضلع الور میں چھلانگ لگا دی تھی۔ ابتدائی تحقیقات سے انکشاف ہوا کہ وہ بیروزگاری کی وجہ سے الجھن زدہ تھا۔ کانگریس قائد نے کہا کہ وزیراعظم کا کہنا ہیکہ بھارت ماتا کی جئے کا نعرہ وہ اپنی ہر تقریر میں لگاتے ہیں لیکن درحقیقت وہ صنعتکار انیل امبانی کیلئے کام کرتے ہیں۔ کانگریس قائد نے کہا کہ انہیں میہول چوکسی کی جئے،
انیل امبانی کی جئے، نیرو مودی کی جئے، للت مودی کی جئے کے نعروں سے اپنی ہر تقریر کا آغاز کرنا چاہئے۔ اصطلاح بھارت ماتا کے بارے میں راہول گاندھی نے کہا کہ بھارت ماتا پورا ملک، کاشتکار، کروڑوں نوجوانوں کے جذبات، خواتین اور مزدوروں کے جذبات ہیں۔ اگر آپ بھارت ماتا کی بات کرتے ہیں تو آپ کاشتکاروں کو کیسے بھول سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ساڑھے تین لاکھ کروڑ روپئے کے قرضہ جات معاف کردیئے گئے لیکن کاشتکاروں کا ایک پیسہ بھی مودی حکومت نے قرض معاف نہیں کیا۔ انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ آئندہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس کامیابی حاصل کرے گی اور حکومت تشکیل دے گی۔ آئندہ دنوں میں زرعی قرضے معاف کردے گی۔ چیف منسٹر 18 گھنٹے نوجوانوں کو ملازمتیں فراہم کرنے کیلئے کام کریں گے۔ رافیل سودے کے بارے میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اس معاملہ پر کچھ نہیں کہتے کیونکہ اگر وہ کچھ کہیں تو عوام میں سے کوئی بھی شخص کہے گا کہ ’’چوکیدار چور ہے‘‘ راہول گاندھی نے الزام عائد کیا کہ مودی حکومت سرفہرست 15 صنعتکاروں کیلئے کام کرتی ہے۔ بی جے جے پی نے ان الزامات کی تردید کی۔ صدر پردیش کانگریس سچن پائلٹ، سابق چیف منسٹر راجستھان اشوک گہلوٹ اور پارٹی امیدوار برائے الور اسمبلی حلقہ اجلاس میں موجود تھے۔ ریاست میں 7 ڈسمبر کو رائے دہی مقرر ہے۔ نئی دہلی سے موصولہ اطلاع کے بموجب راہول گاندھی نے وزیراعظم پر سپریم کورٹ جسٹس کی کارکردگی میں خلل اندازی کا الزام عائد کیا اور کہاکہ چوکیدار نے چوکس کورین کو عدالتی کٹھ پتلی بنا دیا ہے۔