مودی سے ملاقات کیلئے نائیڈو کی کل دہلی روانگی

حیدرآباد 18 مئی (آئی این این ) نامزد وزیر اعظم نریندرمودی سے ملاقات کیلئے تلگودیشم پارٹی کے صدر این چندرا بابو نائیڈو منگل کو نئی دہلی روانہ ہوں گے ۔ ذرائع کے مطابق چندرا بابو اس موقع پر مرکزی کابینہ میں تلگودیشم کے چند ارکان پارلیمان کی شمولیت کے امکانات پر تبادلہ خیال کریں گے ۔ بی جے پی چونکہ انتخابات میں 282 نشستوں پر کامیاب ہوچکی ہے اور اپنے طور پر حکومت تشکیل دے سکتی ہے اور یہ اطلاعات بھی ہیں کہ وہ این ڈی اے میںشامل اپنے دیگر حلیفوں کے ارکان کو کابینہ میں جگہ دینا نہیں چاہتی لیکن تلگودیشم جس کو آندھرا پردیش میں 16 پارلیمانی نشستیں حاصل ہوئی ہیں اس بات پر پُر امید ہیں کہ اس کے چند ارکان پارلیمنٹ کو اہم قلمدان دلانے کیلئے بی جے پی کو کامیاب ترغیب دی جائے گی ۔