نئی دہلی : سابق مرکزی وزیر ارون شوری نے کہا کہ مرکز کی مودی حکومت ہر ہفتہ چار جھوٹ بولتی ہے ۔ اور ان کا پردہ فاش ہونے پر خود پھنس جاتی ہے ۔ارون شوری سے جب رافیل کے معاملہ میں سوال کیاگیا تو انہوں نے کہا کہ مودی حکو مت ہر ہفتہ ایک نیا جھوٹ بولتی ہے جواگلے دن ہی پنکچر ہوجاتا ہے ۔شوری نے وزیر دفاع نرملا سیتا رمن کے اس بیان کو احمقانہ قراردیا جس میں رمن نے کہاتھا کہ ہندوستانی حکومت نے 126 ارفیل جہاز اس لئے نہیں خریدے کیونکہ ان جہازوں کو رکھنے اور ان کی دیکھ بھال کرنے کیلئے ضروری سامان نہیں تھا ۔ شوری نے کہا کہ بلٹ ٹرین کیلئے 1020کروڑ روپے خرچ ہوسکتے ہیں ، مودی جی اپنی تشہیر پر چار ہزار کروڑ روپے خرچ کرسکتے ہیں ۔ایک مورتی پر 3500ہزار کروڑروپے خرچ کئے جاسکتے ہیں لیکن حکومت جنگی طیاروں کی دیکھ بھال کیلئے نہیں کرسکتی ؟ ‘‘
شوری نے مزید کہا کہ نرملا رمن تو رافیل معاملے میں انجان بنی ہوئی ہیں لیکن وزیر اعظم نریندر مودی ریلائنس کے مالک انیل امبانی سے گلے ملتے نظر آرہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دسالٹ ایوایشن بغیر کسی دباؤ کے ریلائنس کو نہیں چن سکتی تھی ۔ ارون شوری نے مزید کہا کہ اولاند کے انکشاف کے بعد ہی مودی حکومت اپنے جال میں خود پھنستی نظر آرہی ہے ۔
ارون شوری نے میڈیاکے کردار پر شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا تواب سرکاری ٹٹو بن گئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ میڈیا کا کام تتلی بن کر الگ الگ پھولوں پر بیٹھنا نہیں ہے بلکہ گھڑیال بن کر سچ کو سامنے لانا ہے ۔انہوں نے میڈیا کو صلاح دیتے ہوئے کہا کہ ہندوستانی میڈیا فرانسیسی میڈیا کے ساتھ مل کر رافیل معاملے کی سچائی کو سامنے لانا چاہئے ۔