بنکاک ، 27 جون (سیاست ڈاٹ کام) وزیر امور خارجہ سشما سوراج نے آج وزیراعظم نریندر مودی کی حکومت کی دیسی اور بیرونی محاذوں پر 13 ماہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ’’تبدیلی‘‘ آچکی ہے اور اب ’’دنیا سنتی ہے جب ہندوستان کچھ بولے‘‘۔ یہاں تھائی لینڈ کے دارالحکومت میں جہاں وہ سہ روزہ دورہ پر پہنچیں تاکہ 16 ویں ورلڈ سنسکرت کانفرنس میں شرکت کرسکیں اور بعض باہمی معاہدوں پر دستخط کی جائے، انھوں نے ہندوستانی برادری کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ان سے اپیل بھی کی کہ وہ اپنی توجہ اپنے مادروطن پر مرکوز کریں اور ’’ماٹی کا قرض‘‘ چکائیں۔ وہ للت تنازع میں پھنسنے کے بعد پہلی بار بیرونی سفر پر ہیں۔ سشما نے یہاں اپنے اعزاز میں ترتیب دیئے گئے ڈنر میں بھی مخاطب کیا جہاں یوگا پر فری موبائل اپلکیشن کا آغاز بھی کیا گیا۔