مودی حکومت کیخلاف 40 روزہ مہم چلانے ٹریڈ یونین کی دھمکی

نئی دہلی 4 جون (سیاست ڈاٹ کام) بڑی ٹریڈ یونین باڈی اے آئی ٹی یو سی نے وزیراعظم نریندر مودی پر مخالف ورکر حکومت چلانے کا الزام عائد کرتے ہوئے آج کہاکہ وہ 40 روزہ ملک گیر مہم شروع کرے گی تاکہ عوام کی تائید و حمایت جٹاتے ہوئے بی جے پی کو آئندہ لوک سبھا انتخابات میں ووٹنگ کے ذریعہ بیدخل کیا جاسکے۔ آل انڈیا ٹریڈ یونین کانگریس لیڈر امرجیت کور نے یہاں اخباری نمائندوں سے بات چیت میں یہ الزام بھی عائد کیاکہ مودی نے قوم کو بکاؤ بنادیا ہے اور اُن کی حکومت یونینوں کے ساتھ بات چیت پر یقین نہیں رکھتی ہے۔ نیشنل لیبر کانفرنس جو سالانہ سہ فریقی میٹ ہوتی ہے اُس کے انعقاد کی تواریخ منسوخ کئے جانے کے تعلق سے ناراض ٹریڈ یونین لیڈر نے کہاکہ پی ایم او نے قبل ازیں کانفرنس کی تواریخ کے تعلق سے اتفاق کرلیا تھا اور یہ رواں سال فروری میں منعقد ہونے والی تھی لیکن پھر اِسے منسوخ کردیا گیا کیوں کہ مودی حکومت کی لیبر پالیسی کے معاملہ میں ٹریڈ یونینوں کا سامنا کرنے کے لئے تیار نہیں ہے۔ اُنھوں نے میڈیا والوں کو بتایا کہ مودی کی حکومت اینٹی ورکرس ہے جو یونینوں کے ساتھ بات چیت میں یقین نہیں رکھتی، دو فریقی یا سہ فریقی میکانزم کا پاس نہیں رکھتی اور لیبر قوانین اور ٹریڈ یونینوں کو ترقی میں رکاوٹ سمجھتی ہے۔ اُنھوں نے یہ بھی الزام عائد کیاکہ این ڈی اے حکومت کے بزنس میں آسانی والے نعرے کا مطلب محض ورکرس کے حقوق میں کٹوتی ہے جو لیبر قوانین میں تبدیلی کے ذریعہ کی جارہی ہے۔