مودی حکومت کا زوال شروع : ممتا بنرجی

وہ لوگ سیاسی کشیدگی، مایوسی اور احساس محرومی کا شکار، آسام میں ٹی ایم سی لیڈروں کی گرفتاری پر احتجاج
نئی دہلی 2 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) ترنمول کانگریس صدر و چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے کہاکہ مرکز میں مودی حکومت کا زوال شروع ہوچکا ہے۔ یہ لوگ مایوسی اور محرومی کے ساتھ سیاسی کشیدگی کا شکار دکھائی دیتے ہیں۔ ٹی ایم سی کے قائدین کو ااسام کے سلچر میں ایرپورٹ سے حراست میں لینے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ممتا بنرجی نے کہاکہ یہ لوگ بازو کی طاقت دکھارہے ہیں۔ آسام کی این آر سی فہرست پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بنانے والی ممتا بنرجی نے کہاکہ ہم اس حکومت کا آخر تک مقابلہ کریں گے۔ ٹی ایم سی کے قائدین کو ایرپورٹ پر روک دیا گیا۔ ان کے سیل فون چھین لئے گئے۔ 8 رکنی ٹیم آسام پہونچکر شہر کے سٹیزنس کنونشن پر احتجاجی مظاہرہ کرنے والے تھے کہ انھیں گرفتار کیا گیا۔ ترنمول کانگریس نے کل لوک سبھا میں تحریک مراعات پیش کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ آسام میں سلچر مقام پر اس کے پارلیمنٹ ارکان کی حراست کے خلاف یہ تحریک مراعات پیش کی جائے گی۔ ٹی ایم سی وفد نے جس میں 6 ارکان پارلیمنٹ، ایک رکن اسمبلی اور ایک وزیر شامل ہیں، آسام کے سلچر کے لئے روانہ ہوئے تھے تاکہ این آر سی کی رپورٹ سے ان ناموں کے حذف کئے جانے والے متاثرین سے ملاقات کرسکیں۔ ٹی ایم سی نے مسودہ این آر سی کے خلاف شدید احتجاج کیا ہے۔ ٹی ایم سی وفد کے ارکان نے شکایت کی ہے کہ انھیں سلچر ایرپورٹ پر ہی روک دیا گیا اور غیر قانونی طور پر انھیں حراست میں رکھا گیا ہے۔ اس واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے پارٹی کے ایم پی ڈریک اوبرین نے کہاکہ یہ ہمارا جمہوری حق ہے کہ ہم عوام سے ملاقات کریں لیکن یہ صورتحال سوپر ایمرجنسی کی طرح دکھائی دیتی ہے۔ ٹیلی ویژن چیانلوں پر بتائے گئے ویڈیوز میں پولیس ملازمین کے ساتھ ترنمول کانگریس کے وفد کے ارکان کی دھکم پیل دکھایا گیا ہے۔ ممتا بنرجی اور ان کی پارٹی کے قائدین شہریوں کی فہرست سے خلاف جارحانہ مہم چلارہے ہیں۔