مرکز نے گروکلس بند اور کئی اسکیمات کو ختم کردیا، فنڈس میں بھی کٹوتی، وزیر تعلیم سری ہری کی تنقید
حیدرآباد۔ 30 نومبر (سیاست نیوز) وزیر تعلیم و ڈپٹی چیف منسٹر کڈیم سری ہری نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی نے ’’بیٹی بچاؤ، بیٹی پڑھاؤ‘‘ کا نعرہ تو دے دیا لیکن تعلیمی شعبہ میں ایک بھی نئی اسکیم متعارف نہیں کرائی لیکن ماضی کی اسکیم کو برخاست کرتے ہوئے بڑے پیمانے فنڈز کی کٹوتی کرنے کا دعویٰ کیا۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے آج تلنگانہ ریسیڈنشیل اسکولس ماڈل اسکولس کے پرنسپلس کے سالانہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ این ڈی اے کو اقتدار حاصل ہونے کے بعد ماڈل اسکولس کو برخاست کردیا گیا ہے، جبکہ ریاست کے 194 ماڈل اسکولس میں 1,25,000 غریب طلبہ زیرتعلیم ہیں۔ ریاستی حکومت نے اس کی ذمہ داری قبول کی ہے اور ان اسکولس پر سالانہ 218 کروڑ روپئے خرچ کررہی ہے۔ کڈیم سری ہری نے کہا کہ تلنگانہ حکومت نے 90% ایس ٹی، ایس ٹی بی سی اور اقلیتی طلبہ کیلئے 544 ریسیڈنشیل اسکولس کا قیام عمل میں لایا ہے، جس پر 11 ہزار کروڑ روپئے خرچ کئے جارہے ہیں۔ محکمہ تعلیم کے 37 ریسیڈنشیل اسکولس میں 18,000 طلبہ زیرتعلیم ہیں جس پر 245 کروڑ روپئے خرچ کئے جارہے ہیں۔ جاریہ سال 6 ریسیڈنشیل اسکولس کو جونیر کالجس کی حیثیت سے ترقی دی گئی ہے۔ آئندہ سال مزید 29 ریسیڈنشیل اسکولس کو جونیر کالجس کی حیثیت سے ترقی دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر نے 31 اضلاع میں ہر ایک ضلع کیلئے ایک لڑکیوں اور ایک لڑکوں کو جونیر کالجس کی منظوری دی ہے۔ آئندہ سال سے ہر ضلع میں 2 ریسیڈنشیل کالجس قائم کئے جائیں گے۔ آئندہ سال سے ماڈل اسکولس کے اساتذہ کی خدمات سرویس رولز کے تحت ہوجائے گی۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے سرکاری تعلیمی اداروں میں زیرتعلیم غریب طلبہ کو اپنے بچوں کی طرز پر تعلیم فراہم کرنے کی اساتذہ کو ہدایت دی۔ کامیابی کو صد فیصد بنانے کیلئے خصوصی توجہ دینے کی ہدایت دی۔ کڈیم سری ہری نے نیٹ۔ جے ای ای میں زیادہ تر رینکس محکمہ تعلیم، ریسیڈنشیل اسکولس اور ماڈلس اسکولس کو حاصل کرنے کیلئے سخت محنت کرنے کا مشورہ دیا۔
طلبہ کو عنقریب ہیلتھ کارڈ کی اجرائی
٭ ڈپٹی چیف منسٹر کڈیم سری ہری نے ریاست تلنگانہ میں طلبہ کو عنقریب ہیلتھ کارڈس جاری کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے تمام طلبہ بالخصوص رہائشی اسکولس میں تعلیم حاصل کرنے والوں کی صحت پر خصوصی توجہ مرکوز کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسکولی طلبہ کیلئے ہیلتھ کیمپس منعقد کئے جائیں گے اور ضرورت پڑنے پر علاج کی سہولت بھی مہیا کی جائے گی۔ کڈیم سری ہری نے تلنگانہ گروکل اور ماڈل اسکول کے پرنسپلس کے ساتھ سالانہ اجلاس میں یہ بات کہی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن جی کشن ، ڈائریکٹر ماڈل اسکولس ستیہ نارائنا اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔