مختلف بینکوں سے رقم کے حصول کے بعد مودی سے وضاحت کا کانگریسی مطالبہ
نئی دہلی ۔ یکم ؍ مارچ (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے آج جوہری جتن مہتا ویژڈم ڈائمنڈس کے 67.12 کروڑ روپئے مالیتی اسکام کی بناء پر نریندر مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا اور وزیراعظم سے اس مسئلہ پر خاموشی توڑدینے کا مطالبہ کیا۔ کانگریس کے شعبہ مواصلات کے انچارج رندیپ سرجے والا نے الزام عائد کیا کہ مہتا جو گجرات کے علاقہ پالن پور کا متوطن ہے اور اس کا خاندان ہندوستان چھوڑ کر جاچکا ہے، حالانکہ اس خاندان کے خلاف سی بی آئی کے پاس 20 فروری 2014ء سے شکایات موجود تھیں اور اپریل 2017ء میں ایف آئی آر درج کیا گیا تھا۔ کانگریس نے دعویٰ کیاکہ مہتا کا طریقہ کار نیرو مودی اور میہول چوکسی کے مماثل تھا۔ وہ جعلی مکتوب مفاہمت کے ذریعہ بینکوں سے رقم حاصل کرتا تھا اور اس کے بعد ملک سے فرار ہوجاتا تھا۔ ان لیٹرس آف کریڈٹ کی بنیاد پر اس نے سونا درآمد کیا تھا اور دبئی کی 13 کمپنیوں کو زیورات برآمد کئے تھے۔ بعدازاں ان کمپنیوں نے ادائیگی سے انکار کردیا۔ کانگریس قائد نے الزام عائد کیا کہ روزنامہ گذشتہ 12 دن سے کوئی نہ کوئی اسکام ابھرتا جارہا ہے۔ جن دھن غبن یوجنا کی مالیت 39000 کروڑ روپئے مالیتی ہوچکی ہے جبکہ ایک اور دھوکے باز کو مودی حکومت نے ملک سے فرار ہونے کا موقع دے دیا۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا وزیراعظم مودی مہرخاموشی توڑیں گے اور مہتا کو تحفظ فراہم کریں گے۔