ایجنسی کے ڈائرکٹر کی جاسوسی پر کانگریس کا شدید ردعمل، سارا ملک تحقیقاتی ایجنسیوں کی ناکامی کو دیکھ رہا ہے : چدمبرم
نئی دہلی 25 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے آج وزیراعظم نریندر مودی اور ان کی حکومت پر الزام عائد کیاکہ وہ رافیل اسکام کو چھپانے اپنی طاقت کا بیجا استعمال کررہے ہیں اور سرکاری مشنری کے ذریعہ اسکام کو چھپانے کی کوشش کررہے ہیں۔ سی بی آئی ڈائرکٹر الوک ورما پر جاسوسی کراتے ہوئے مودی حکومت اپنی بدعنوانیوں کی پردہ پوشی کررہی ہے۔ الوک ورما کی سرکاری رہائش گاہ کے باہر جاسوسی کرتے ہوئے چار افراد گرفتار کرلئے گئے ہیں۔ ان افراد سے پولیس پوچھ گچھ کررہی ہے۔ ذرائع نے دعویٰ کیاکہ یہ چار افراد الوک ورما کے گھر میں تانک جھانک کررہے تھے۔ ڈپٹی کمشنر پولیس مدھر ورما نے تاہم ان افراد کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ شروع کررہی ہے۔ وزیراعظم مودی ایسا معلوم ہوتا ہے کہ رافیل فوبیا کا شکار ہوچکے ہیں اس لئے وہ تحقیقاتی ایجنسی کے عہدیداروں کی جاسوسی کرارہے ہیں۔ ان پر نظر رکھ کر ان کی حرکات و سکنات کی ویڈیو گرافی بھی کی جارہی ہے۔ لوک سبھا میں کانگریس کے لیڈر ملکارجن کھرگے اور کانگریس کے سینئر لیڈر ابھیشک سنگھوی نے ایک پریس کانفرنس میں کہاکہ وزیراعظم مودی پر رافیل اسکام کی بدنامی کا خوف طاری ہوچکا ہے۔ اس الزام کے فوری بعد وزیراعظم کے دفتر سے کوئی ردعمل ظاہر نہیں ہوا۔ کھرگے نے وزیراعظم کو مکتوب لکھ کر ورما کو ہٹادیئے جانے پر اعتراضات اُٹھائے ہیں۔ ملکارجن کھرگے اور ابھیشک سنگھوی نے الزام عائد کیاکہ انٹلی جنس بیوریو کی جاسوسی کروانا غلط ہے۔ جس عہدیدار نے رافیل اسکام میں ہونے والی فرضی معاملت کو منکشف کیا تھا۔ حکومت ان عہدیداروں پر بڑے بھائی کی بالادستی مسلط کررہی ہے لیکن حکومت اپنے منصوبہ میں ناکام ہوچکی ہے۔ کانگریس کے چیف ترجمان رندیپ سرجے والا نے بھی وزیراعظم پر الزام عائد کیاکہ وہ اپنی بدعنوانیوں پر پردہ ڈالنے کے لئے یہ سب ڈرامہ کررہے ہیں۔ تاہم وزیر فینانس ارون جیٹلی نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے اسے بکواس قرار دیا ہے۔ اس دوران کانگریس کے ایک اور سینئر لیڈر پی چدمبرم نے کہاکہ سارا ملک دیکھ رہا ہے کہ تحقیقاتی ایجنسیاں بُری طرح ناکام بنادی جارہی ہیں۔ ان ایجنسیوں کی افادیت گھٹادی گئی ہے۔ آخر سی بی آئی کو تباہ کرنے کے لئے خرابی کے بیج کس نے بوئے ہیں۔ چدمبرم کے یہ ریمارکس اُس وقت سامنے آئے جب حکومت نے سی بی آئی ڈائرکٹر الوک ورما اور اسپیشل ڈائرکٹر راکیش استھانہ کو رخصت پر روانہ کردیا جو باہم ایک دوسرے کے خلاف صف آراء ہوکر مداخلت کا الزام عائد کررہے تھے۔ پی چدمبرم نے ٹوئٹ کیا ہے کہ گزشتہ چار سال میں سی بی آئی کے اندر خرابی کے بیج کو کس نے بویا ہے۔ اس ایجنسی کی تباہی کے لئے کون ذمہ دار ہے اس کا سارا ملک مشاہدہ کرہا ہے۔ ورما اور استھانہ نے ایک دوسرے پر الزام عائد کیا ہے کہ رشوت لے کر کئی معاملے دبا دیئے گئے ہیں۔ کانگریس نے مودی حکومت کو ہی اس سارے واقعہ کے لئے ذمہ دار ٹہرایا ہے۔