راہول گاندھی پنکچر سائیکل پر سوار ہیں ، بی جے پی کے انتخابی جلسہ سے مرکزی وزیر داخلہ کا خطاب
متھرا۔ 7 فروری (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے آج دعویٰ کیا کہ مودی حکومت کے برسراقتدار آنے کے بعد سے اب تک اس کے خلاف ایک بھی کرپشن کا الزام عائد نہیں کیا گیا۔ انہوں نے نائب صدر کانگریس راہول گاندھی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس قائد جس سائیکل پر سواری کی کوشش کررہے ہیں، وہ پہلے ہی سے پنکچر ہوچکی ہے۔ انہوں نے سماج وادی پارٹی اور کانگریس حکومتوں کا تقابل کرتے ہوئے کہا کہ نریندر مودی حکومت کے برسراقتدار آنے کے بعد اس پر اب تک ایک بھی کرپشن کا الزام عائد نہیں کیا گیا۔ وہ ایک جلسہ عام سے خطاب کررہے تھے جو چھتہ اسمبلی حلقہ کے دیہات ٹروٹی میں بی جے پی امیدوار لکشمی نارائن چودھری کی تائید میں ہورہا تھا۔ انہوں نے کانگریس اور سماج وادی پارٹی میں اتحاد پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ راہول گاندھی جو سائیکل استعمال کررہے ہیں، وہ پہلے ہی سے پنکچر ہوچکی ہے۔ نائب صدر کانگریس کھاٹ سبھا پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’’چناؤ سے پہلے ہی راہول نے پکڑی کھاٹ‘‘۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے کاشت کاروں کے قرضہ جات معاف کردیئے جائیں گے اور فصل کے قرضے پر سود بھی وصول نہیں کیا جائے گا۔ اگر بی جے پی یوپی میں برسراقتدار آجائے۔
انہوں نے نوٹوں کی تنسیخ کے فیصلے کو ملک کے مفاد میں قرار دیا اور کہا کہ وزیراعظم نے غریب اور امیر کے درمیان خلیج پاٹنے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں اور نکسلائیٹس کی ریڑھ کی ہڈی نوٹوں پر امتناع کے ذریعہ توڑ دی گئی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پاکستان کو اس کی نیابتی جنگ کا گزشتہ سال ستمبر میں دہشت گردوں کے خلاف سرجیکل حملوں کی صورت میں منہ توڑ جواب دیا جاچکا ہے۔ انہوں نے سماج وادی پارٹی اور بہوجن سماج پارٹی پر تضاد بیانی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر اکھیلیش یادو نے بہتر ریاستی نظم و قانون کی صورتحال کا دعویٰ کیا ہے لیکن ان کے دورِ اقتدار میں 4,000 سے زیادہ لوٹ مار اور 7,600 سے زیادہ فرقہ وارانہ فسادات کے واقعات میں پیش آچکے ہیں۔ راج ناتھ سنگھ نے یہ بھی کہا کہ چھتہ میں شکر کارخانوں کو بی جے پی کے برسراقتدار آنے پر کارکرد بنایا جائے گا۔