ریلویز و دفاع کو بھی بیرونی کمپنیوں کے حوالے کرنے کی سازش ‘ اے آئی ٹی یو سی جنرل سکریٹری
حیدرآباد 10 جون ( این ایس ایس ) آل انڈیا ٹریڈ یونین کانگریس کے قومی جنرل سکریٹری امرجیت کور نے الزام عائد کیا کہ نریندر مودی حکومت نریندر مودی حکومت ورکرس کے ان حقوق کو تلف کر رہی ہے جو انہوں نے کافی جدوجہد کے بعد حاصل کئے ہیں۔ امرجیت کور نے انتباہ دیا کہ اگر مرکزی حکومت لیبر قوانین میں ترامیم کرنے کی کوشش کریگی تو اس کے خلاف احتجاج شروع کیا جائیگا ۔ انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ان کی حکومت کارپوریٹ کمپنیوں کے دباؤ میں کام کر رہی ہے اور ہندوستانی کمپنیوں و ملٹی نیشنل کمپنیوں کے اشاروں پر ناچ رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملٹی نیشنل کمپنیاں ہندوستان کے وسائل کو لوٹ رہی ہیں اور خود اس سے استفادہ کر رہی ہیں۔ آل انڈیا ٹریڈ یونین کانگریس تلنگانہ اسٹیٹ کونسل کے اجلاس کا آج ایس این ریڈی بھون میں انعقاد عمل میں آیا جس کی صدثارت ریاستی صدر ٹی نرسمہن نے کی ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے امرجیت کور نے الزام عائد کیا کہ مودی حکومت نے عوامی شعبہ کو تباہ کرنے اور اسے خانگی شعبہ کے حوالے کرنے کی سازش تیار کی ہے ۔ مرکزی حکومت راست بیرونی سرمایہ کاری کو دعوت دیتے ہوئے ریلویز اور دفاع کے شعبہ جات میں بھی قبضہ جمانے کا انہیں موقع فراہم کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت گذشتہ چار سال میں تمام محاذوں پر پوری طرح ناکام ہوچکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس بات کو یقینی بنانے کوشاں ہے کہ ورکرس کو یونین بنانے کے کوئی اختیارات حاصل نہ رہیں اور ان کے حق میں کوئی قانون نہ بننے پائے ۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت ملازمین کے کئی حقوق کو تلف کرنا چاہتی ہے ۔ وہ ای ایس آئی ‘ سوشیل سکیوریٹی ‘ پی ایف ‘ بونس اور گریجویٹی جیسی اسکیمات کو بھی ختم کرنے کی کوشش کر رہی ہے ۔ مرکزی اور ریاستی دونوں ہی حکومتیں ورکرس سے شدید ناانصافی کر رہی ہیں اور اقل ترین اجرت قانون پر عمل نہیں کیا جا رہا ہے ۔