مودی حکومت نے عوام کیلئے کچھ نہیں کیا:راہول

تھرواننتاپورم ۔ 9 ۔ ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) نریندر مودی حکومت انتخابی وعدوں پر اپنے موقف یکسر تبدیل کرلینے کی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے نائب صدر کانگریس راہول گاندھی نے آج کہا کہ اس حکومت نے عوام کیلئے کچھ بھی نہیں کیا ہے اور بی جے پی کو انتخابات کا سامنا کرنے والی ریاستوں میں مختلف برادریوں کے مابین دشمنی پیدا کرنے کا مورد الزام ٹھہرایا۔ کے پی سی سی صدر وی ایم سدھیرن کی ایک ماہ طویل ’’جن پکشا یاترا‘‘ کے اختتام کے موقع پر یہاں منعقدہ زبردست پارٹی ریالی سے خطاب کرتے ہوئے راہول نے کہا کہ عوام جلد ہی این ڈی اے کے دکھائے ہوئے جھوٹے خوابوں سے اکتا جائیں گے اور دوبارہ کانگریس کی طرف آئیں گے۔ ’’حکومت سے میرا سیدھا سادا سوال ہے کہ ملک کے عوام نے ایک خط اعتماد دیدیا ہے اور آپ نے اس بارے میں قطعیت سے کیا کیا ہے‘‘ راہول نے اس ریمارک کے ساتھ حکومت کی ’’ناکامیوں‘‘ کو گنایا جیسے بیرون ملک پوشید کالا دھن کو واپس لانا۔

کانگریس لیڈر نے الزام عائد کیا کہ این ڈی اے کا مرکزی خیال یہ ہے کہ حکومت عوام کو اختیارات نہ دے۔ یہ حکومت مختلف برادریوں کو ایک دوسرے سے لڑاتی ہے۔ وہ اس ملک کو چند لوگوں کو کارپوریٹس کیلئے چلاتے ہیں۔ ’’ میں نے ایک بار نوٹ کی۔ جاریہ انتخابات سے قبل مختلف برادریوں کے درمیان تشدد دیکھنے میں آیا۔ اترپردیش، مہاراشٹرا ، ہریانہ اور جھارکھنڈ میں فسادات ہوئے‘‘۔ وزیراعظم کے شروع کردہ سوچھ بھارت مشن کو تار تار کرتے ہوئے راہول نے الزام لگایا کہ سوائے زبانی جمع خرچ کوئی معقول بجٹ اس ملک گیر پروگرام کیلئے فراہم نہیں کیا گیا۔ جبکہ اس مہم کے تحت ان کے حلقہ انتخاب امیٹھی کے گاؤں بھی شامل ہیں۔ اپنی تنقیدوں کیلئے تنہا مودی کو نشانہ بناتے ہوئے راہول نے کہا کہ یہ حکومت ایسے چلائی جارہی ہے جیسے کوئی شخص واحد کو تمام تر اختیارات سونپ دیئے گئے ہوں کہ وہ ملک کو نئی شکل دیں، جو کانگریس کے عوام کو بااختیار بنانے کے ویژن سے بالکلیہ مختلف ہے۔