مودی حکومت نے شکستوں کے بعد سبق سیکھ لیا

جیٹلی کے تیسرے بجٹ میں عوام کی آواز سنی گئی  : ونود کمار
نئی دہلی ۔29فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) ٹی آر ایس نے آج کہا کہ 2016-17ء کے بجٹ سے ظاہر ہوتا ہے کہ نریندر مودی حکومت حالیہ انتخابی شکستوں کے بعد بالآخر ہندوستانی عوام کی آواز کو سن چکی ہے ۔ تاہم ٹی آر ایس نے مہاتما گاندھی قومی دیہی ضمانت روزگار پروگرام جیسے اہم مسائل پر مرکز کی جانب سے موقف تبدیل کرنے کا الزام عائد کیا ہے ۔لوک سبھا میں ٹی آر ایس کے ڈپٹی لیڈر بی ونود کمار نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ’’ وزیر فینانس ارون جیٹلی نے اپنی تیسری کوشش میں بالآخر ایک ایسا بجٹ پیش کیا ہے جو ہندوستانی حقائق سے ہم آہنگ ہے ‘جس میں رواں زرعی بحران جیسے چند غیر روایتی مسائل کو بھی ملحوظ رکھا گیا ہے ‘‘ ۔ ونود کمار نے مزید کہا کہ ’’ چنانچہ 2016-17ء کا بجٹ ظاہر کرتا ہے کہ حالیہ عرصہ کے دوران سلسلہ وار انتخابی شکستوں کے بعد نریندر مودی حکومت بالآخر عوام کی آواز کو سننے کا سبق حاصل کرچکی ہے ‘‘ ۔ ونود کمار نے کہا کہ این ڈی اے حکومت قومی ضمانت روزگار اسکیم کو کانگریس کی ناکامی تصور کرتے ہوئے اپنے پہلے بجٹمیں اس کو نظرانداز کردیا تھا ۔