وعدوں کی عدم تکمیل پر بامعنیٰ قومی مباحث ضروری : سابق وزیراعظم منموہن سنگھ
نئی دہلی ۔ 7 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) سابق وزیراعظم منموہن سنگھ نے آج مودی حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ دھیرے دھیرے جمہوری اقدار کو تباہ کررہی ہے۔ ہندوستانی جمہوریت کی شان و شوکت کا تحفظ ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے مودی حکومت کی جانب سے کئے گئے وعدوں کی عدم تکمیل پر بامعنیٰ قومی مباحث کی ضرورت پر زور دیا۔ سابق مرکزی وزیر اور کانگریس لیڈر کپل سبل کی تحریر کردہ کتاب ’’سچ کا سایہ‘‘ کی رسم اجراء انجام دیتے ہوئے منموہن سنگھ نے توقع ظاہر کی کہ ہر ایک کی ضروریات کا خیال رکھتے ہوئے قومی بحث شروع ہوگی۔ مودی حکمرانی کا مواخذہ کرنے کی ضرورت ظاہر کرتے ہوئے منموہن سنگھ نے کہا کہ اہم قومی اداروں کو اپنا رول ادا کرنا چاہئے۔ ایک اچھی حکمرانی کیلئے یہ ادارہ اہمیت کے حامل ہوتے ہیں۔ غیرمعمولی طور پر ہندوستان کے پڑوسی ممالک خطرات سے قریب ہوتے جارہے ہیں، خاص کر 2014ء میں جو کیفیت تھی وہ اب نہیں ہے۔ گذشتہ چار سال کے دوران پڑوسیوں کے ساتھ ہندوستان کے تعلقات بد سے بدتر ہوتے گئے ہیں۔ مودی حکومت نہ صرف دھیرے دھیرے بلکہ دانستہ طور پر جمہوری اقدار کو پامال کرتے جارہی ہے۔ اس حکومت میں خواتین، دلتوں اور اقلیتوں پر مظالم بڑھتے جارہے ہیں۔ ان طبقات کو غیرمحفوظ فضاء میں جینے کا احساس ہورہا ہے۔ مودی حکومت نے وعدہ کیا تھا کہ بیرونی ممالک میں جمع کالے دھن کو واپس لایا جائے گا لیکن یہ نہیں ہوسکا۔ تعلیمی آزادی کو سلب کردیا گیا ہے۔ ہماری یونیورسٹیوں میں خوشگوار فضاء کو مکدر کردیا گیا اور یہ تمام چیزیں مودی حکومت کی کارکردگی کا مظہر ہیں۔ اس سلسلہ میں قومی سطح پر تمام مسائل کو زیربحث لایا جانا چاہئے۔ میں سنجیدگی سے توقع کرتا ہوں کہ اب وقت آ گیا ہیکہ حکومت کی کارکردگی کا جائزہ لیکر اس پر بحث کی جائے۔