صرف 15 صنعتکاروں کی مدد کیلئے 2.5 لاکھ کروڑ روپئے کے قرض معاف
نئی دہلی 11 جون (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے صدر راہول گاندھی نے آج وزیراعظم نریندر مودی پر سخت تنقید کی اور کہاکہ ان کی حکومت نے کسانوں کے مفادات کو نظرانداز کردیا لیکن صنعتکاروں کے ایک چھوٹے گروپ کی تقریباً 2.5 لاکھ کروڑ روپئے کے قرض معاف کرتے ہوئے مدد کی۔ راہول گاندھی نے اپنی پارٹی میں دیگر پسماندہ طبقات (او بی سی) شعبہ کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پس پردہ انتھک محنت کرنے والوں کو کبھی کوئی فائدہ نہیں پہونچایا گیا لیکن دوسرے ان کی محنت کے ثمرات سے استفادہ کررہے ہیں۔ راہول گاندھی نے کہاکہ ’’ہندوستان میں ہنرمند افراد کو ان کی محنت کا صلہ نہیں دیا جاتا۔ کسان سخت محنت کرتے ہیں لیکن آپ کو وہ (کسان) مودی کے دفتر میں نظر نہیں آئیں گے‘‘۔ کانگریس کے صدر نے دعویٰ کیاکہ بینکوں کے غیر کارکرد اثاثے 1000 کروڑ روپئے تک پہونچ گئے۔ اُنھوں نے کہاکہ ’’15 صنعتکاروں کو 2.5 لاکھ کروڑ روپئے دیئے گئے لیکن کسانوں کو کچھ نہیں ملا۔ 15دولتمند افراد کے قرض معاف کردیئے گئے لیکن کسانوں کو نہیں جو خودکشی کررہے ہیں اور ان کے بچے رو رہے ہیں‘‘۔