سب کا ساتھ سب کا وکاس کا نعرہ جھوٹ کا پلندہ ثابت ہوا ‘ صدر ویلفیر پارٹی ایس کیو آر الیاس
حیدرآباد ۔ /26 مئی (سیاست نیوز) مودی دور حکومت میں ملک ترقی کے بجائے زوال کی طرف رواں دواں ہے اور مودی نے ہندوستانی عوام سے جو وعدے کئے تھے ایک بھی وعدے کو پورا کرنے میں کامیاب نہیں ہوئے ۔ بھارتیہ جنتاپارٹی نے سب کا ساتھ سب کا وکاس کا جو نعرہ دیا تھا وہ جھوٹ کا پلندہ ثابت ہوچکا ہے ۔ قومی صدر ویلفیر پارٹی آف انڈیا جناب قاسم رسول الیاس نے آج حیدرآباد میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران یہ بات کہی ۔ انہوں نے بتایا کہ ویلفیر پارٹی آف انڈیا /26 مئی کو مودی حکومت کی پہلی سالگرہ کے موقع پر یوم دھوکا منارہی ہے کیونکہ حکومت نے انتخابی منشور میں عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا نہیں کیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ مودی حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف ویلفیر پارٹی آف انڈیا /3 مئی سے دیش بچاؤ مہم چلارہی ہے اور اسی مہم کے نتیجہ میں یوم دھوکا منایا جارہا ہے ۔ جناب قاسم رسول الیاس نے اس موقع پر مرکزی حکومت کے خلاف 11 نکاتی فرض جرم عائد کرتے ہوئے عوام سے کئے گئے وعدوں سے انحراف کا الزام عائد کیا ۔ انہوں نے انتخابی مہم کے دوران دیئے گئے نعروں پر حکومت کی ناکامی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے گزشتہ ایک برس کے دوران سرمایہ کاروں اور کارپوریٹ اداروں کی نازبرداری کی ہے ۔ بی جے پی منشور میں رشوت ستانی اور دیگر معاملات کا تذکرہ کرتے ہوئے اقتدار حاصل ہونے پر کرپشن کے خاتمہ کا تیقن دیا گیا تھا لیکن یہ صرف بیان بازی کی حد تک محدود رہا ۔ ڈبلیو پی آئی قائد نے بتایا کہ گزشتہ ایک برس کے دوران مہنگائی نے تمام ریکارڈس توڑ دیئے ہیں اور حکومت کالابازاری پر قابو کرنے میں ناکام رہی ہے ۔ جناب قاسم رسول الیاس نے یاددہانی کروائی کہ نریندر مودی نے اقتدار حاصل کرنے کیلئے عوام کو اس بات کا تیقن دیا تھا کہ بی جے پی اقتدار کی صورت میں ہر ہندوستانی کو 15 لاکھ روپئے حاصل ہوں گے ۔ لیکن بی جے پی صدر امیت شاہ نے خود اسے سیاسی بیان قرار دیا ۔ پریس کانفرنس کے موقع پر جناب قاسم رسول الیاس کے ہمراہ ریاستی صدر سید شفیع اللہ قادری ، محترمہ خالدہ پروین ، مسٹر اودے کرن کے علاوہ جناب نصراللہ اور دیگر موجود تھے ۔ ویلفیر پارٹی آف انڈیا نے مرکزی حکومت پر الزام عائد کیا کہ مرکزی حکومت ملک میں رواداری ، فرقہ وارانہ یکجہتی اور تمام طبقات کے ساتھ مساوی انصاف میں ناکام ہوچکی ہے ۔ ان قائدین نے مرکزی حکومت کو کسان ، مزدور اور عوام دشمن قرار دیتے ہوئے کہا کہ تمام امور میں حکومت عوامی مفادات کو نظرانداز کرتے ہوئے کارپوریٹ اداروں کے مفادات پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں ۔