نئی دہلی، 30ستمبر (سیاست ڈاٹ کام)دہلی کانگریس کے سکریٹری اور سپریم کورٹ کے وکیل سرفراز احمد صدیقی نے پورے ملک میں بدامنی، پولیس مظالم کو بڑھاوا دینے اور اترپردیش کو فرضی انکاؤنٹر کے طور پر شناخت دینے کا مودی اور یوگی پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں انسانی جانوں کی قیمت ارزاں ہوگئی ہے ۔انہوں نے حالیہ فرضی انکاؤنٹر میں اپیل کے ایر یا منیجر ویویک تیواری کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے اور ان کے پسماندگان سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہاکہ اترپردیش میں جب سے یوگی حکومت آئی ہے انسانوں کی کوئی قیمت نہیں رہ گئی ہے اور پولیس انکاؤنٹر میں ایک ہزار سے زائد افراد کا قتل کیا جاچکا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ نہ ہی ہندوستانی قانون اور نہ ہی دنیا کا کوئی قانون ماورائے عدالت قتل کی اجازت دیتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح ویویک کو کار نہ روکنے پر گولی مار دی گئی، اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ اترپردیش پولیس کو قانون کا کوئی خوف نہیں ہے اور وہ ماورائے عدالت انصاف کرنے میں یقین رکھتی ہے ۔ انہوں نے یوگی حکومت پر ایسے پولیس والوں کی حوصلہ افزائی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ یوگی حکومت نے انکاؤنٹر کرنے والوں کو اب تک کوئی کارروائی نہیں کی اور شروع سے ہی اس پر سوال اٹھتے رہے ہیں۔