مودی حکومت میں آندھرا پردیش سے کوئی نمائندگی نہیں

امراوتی ( اے پی ) 30 مئی ( پی ٹی آئی ) آندھرا پردیش سے مرکز کی نریندر مودی کابینہ میں کوئی نمائندگی نہیں ہے ۔ یہ پہلا موقع ہے کہ آندھرا پردیش سے مرکزی کابینہ میں کوئی نمائندگی نہیں ہے ۔ آندھرا پردیش سے مودی حکومت کی پہلی معیاد میں سریش پربھو کابینہ میں نمائندگی کرتے تھے تاہم انہیں آج حلف لینے والی دوسری مودی کابینہ میں شامل نہیں کیا گیا ہے ۔ ریاست سے سریش پربھو بی جے پی کے واحد رکن پارلیمنٹ ہیں۔ بی جے پی کو ریاست کی 25 لوک سبھا نشستوں میں ایک پر بھی کامیابی نہیں ملی تھی ۔ 2014 میں تلگودیشم پارٹی بی جے پی کی حلیف تھی اور اس کے دور ارکان پارلیمنٹ پی اشوک گجپتی راجو اور وائی ایس سوجنا چودھری کو کابینہ میں شامل کیا گیا تھا ۔ گذشتہ سال مارچ میں یہ دونوں بھی مستعفی ہوگئے تھے کیونکہ تلگودیشم نے بی جے پی سے علیحدگی اختیار کرلی تھی ۔ سریش پربھو 2016 میں ریاست سے راجیہ سبھا کیلئے منتخب ہوئے تھے اور وہی کابینہ میں ریاست کے نمائندہ تھے ۔