حیدرآباد 4 ستمبر (سیاست نیوز)تلنگانہ کے وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی و پنچایت راج مسٹر کے تارک راما راو نے آج کہا کہ نریندر مودی حکومت تلنگانہ کے توقعات پورا کرنے میں ناکام ہوگئی ہے ۔ اقتدار میں آنے کے اپنے 100 دن کے دوران بہتر مظاہرہ کرنے کے ارادہ کے ساتھ کارکردگی کا آغاز کیا لیکن نئی ریاست کیلئے کچھ نہیں کیا گیا ۔ کسی بھی حکومت کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے 100 دن ناکافی ہوتے ہیں کیونکہ ہماری حکومت بھی 100 دن پورے کررہی ہے اس کارکردگی کا جائزہ لینا قبل از ہوگا ۔ انہوں نے 12 ویں سی آئی آئی انڈین گرین بلڈنگ کونسل کانگریس 2014 سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے تلنگانہ میں سرمایہ کاری کے وسیع تر مواقعوں کا حوالہ دیا اور کہا کہ حکومت تلنگانہ سرمایہ کاروں کیلئے پیداواری مواقع فراہم کررہی ہے ۔ ریاست میں سرسبز و شادابی کو فروغ دینے کیلئے حکومت کے اقدامات کو روشناس کرتے ہوئے کے ٹی راما راو نے کہا کہ ان کی حکومت نے تین ماہ کے مختصر مدت میں تین نئے گرین پروگرام شروع کئے ہیں۔ حیدرآباد میں 124 آئی ٹی پارکس کو سرسبز و شاداب بنایا گیا ۔ ریاست بھر میں تقریبا 230 کروڑ شجرکاری کا منصوبہ ہے ۔ مرکزی بجٹ میں تلنگانہ کیلئے کوئی خاص رقومات مختص نہیں کی گئی ۔ تلنگانہ ریاست ضلع آندھرا پردیش میں شدید تعصب کا شکار رہی ہے ۔ ہم مرکز سے مطالبہ کررہے ہیں کہ وہ نئے ریاست کی ترقی کیلئے پہل کرے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ ریاست کو آئندہ تین سال کے اندر ایک مثالی ریاست بنایا جائے گا۔ ہائی ٹیکس مادھا پور میں منعقدہ اس کانفرنس کے موقع پر انہوں نے مزید کہا کہ برقی کی بچت ماحولیات پر قابو پانے قابل تجدید توانائی وسائل جیسے اقدامات کو اولین ترجیح دی جارہی ہے ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ حیدرآباد بہت جلد اسمارٹ ،محفوظ اور صاف ستھرا شہر بن جائے گا۔ اس شہر کے روایتی تعمیرات کو جدت پسندی سے آراستہ کیا جائے گا ۔ اس کانفرنس سے منیجنگ ڈائرکٹر دہلی میٹرو ریل کارپوریشن لمیٹیڈ مانگو سنگھ ،انڈین گرین بلڈنگس کونسل کے چیر مین ڈاکٹر پریم جین ،آئی جی بی سی چیر مین سی شیکھر ریڈی ،برٹش ڈپٹی ہائی کمشنر اینڈرو میگلسٹر ،سی آئی آئی کے وائس چیر پرسن ونیتا ڈٹلا نے بھی خطاب کیا ۔