نئی دہلی۔/26فبروری، ( سیاست ڈاٹ کام ) سی پی ایم نے آج وزیر اعظم نریندر مودی کے اس الزام پر شدید رد عمل ظاہر کیا کہ بعض غیر سرکاری تنظیمیں ( این جی اوز) چور بازاری ( بلیک مارکٹرس ) کرنے والے ان کی حکومت کو بیدخل کرنے کی کوشش میں ہیں۔ اور کہا کہ حکومت کی ناکامیاں ہی زوال کا سبب بن جائیں گی جس کیلئے کوئی سازش کی ضرور ت نہیں ہے۔ سی پی ایم کے سابق جنرل سکریٹری پرکاش کرات نے وزیر اعظم کے اس بیان پر بھی تنقید کی کہ ایک چائے فروش کے وزیر اعظم بن جانے پر بعض لوگوں کو برداشت نہیں ہورہا ہے لہذا یہ عناصر ان کی حکومت کو کمزور کرنے کیلئے سازش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی قائدین اقتدار کے دو سال میں ہی اپنی مایوسی ظاہر کررہے ہیں۔ سی پی ایم لیڈر نے کہاکہ نریندر مودی نے جو کچھ کیا ہے اس میں کوئی نئی بات نہیں۔ سابق میں بھی یہ الزام عائد کیا جارہا تھا کہ بیرونی ہاتھ حکومت کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی کوشش میں ہے۔