’’مودی جی کی جن دھن لوٹ یوجنا ‘‘ ایک اور اسکام

وہ بھی نیرو مودی اور وجئے ملیا کی طرح غائب ہوچکی ، صدر کانگریس راہول کا دعویٰ

نئی دہلی ۔ /24 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) بینک دھوکہ دہی کا مزید ایک اسکام منظر عام پر آنے کے بعد کانگریس کے صدر راہول گاندھی نے مودی حکومت کی سخت مذمت کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ تازہ ترین اسکام میں ملوث دہلی کے جوہری بھی نیرو مودی اور وجئے ملیا کی طرح ’غائب‘ ہوگئے اور حکومت کہیں اور دیکھتی رہ گئی ۔ راہول گاندھی نے کہا کہ دوارکا داس سیٹھ انٹرنیشنل کے پروموٹر جن کے خلاف اورینٹل بینک آف کامرس (او بی سی) کو 389.85 کروڑ روپئے کی دھوکہ دہی کے ضمن میں سی بی آئی نے مقدمہ درج کیا ہے ۔ نیرو مودی کی طرح جعلی مکتوب مفاہمت کا استعمال کیا ۔ راہول گاندھی نے غیر معمولی طنز و تنقید پر مبنی سلسلہ وار ٹوئیٹس میں کہا کہ ’’مودی جی کی جن دھن لوٹ یوجنا‘‘ کے تحت ایک اور اسکام ! ’’دہلی کے جوہری کے گھپلے میں 390 کروڑ روپئے بالکل نیرو مودی کے انداز میں دھوکہ دہی ۔ جعلی مکتوب مفاہمت !‘‘ ۔ راہول نے ایک اور ٹوئیٹ میں لکھا کہ ’’غالب قیاس ہے کہ ملیا اور نیرو کی طرح یہ پروموٹر بھی شائد ’غائب‘ ہوگیا ہے اور حکومت کہیں اور دیکھتی رہ گئی ‘‘ ۔ حالیہ دنوں میں بینک فراڈ کے سلسلہ وار واقعات پر وزیراعظم نریندر مودی اور ان کی حکومت کو نشانہ بنانے کیلئے راہول گاندھی ’ مودی رابس انڈیا‘ (ہندوستان پرمودی کی ڈاکہ زنی) کا ہیش ٹیگ استعمال کررہے ہیں ۔ اورینٹل بینک آف کامرس ( او بی سی ) کو 389.85 کروڑ روپئے کی دھوکہ دہی کی ایک شکایت پر سی بی آئی نے گزشتہ روز دوارکا داس سیٹھ انٹرنیشنل کے خلاف ایک مقدمہ درج کیا تھا۔