انجار 5 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی نے آج وزیراعظم نریندر مودی پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ اپنی تقاریر میں وہ اکثر کانگریس کے بارے میں باتیں کررہے ہیں کیوں کہ ان کے پاس گجرات کے مستقبل کے بارے میں کوئی منصوبے نہیں ہیں۔ راہول نے گجرات کے عوام کے لئے سنہرے مستقبل کا وعدہ کیا اور کہاکہ کانگریس اگر اس ریاست میں اپنی حکومت بناتی ہے تو (جی ایس ٹی) گبر سنگھ ٹیکس یا نوٹ بندی جیسے فیصلے نہیں کرے گی۔ مودی نے اپنی ریاست میں جہاں ہفتہ کو پہلے مرحلے کی رائے دہی ہوگی کانگریس کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ راہول گاندھی نے انجار میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ’’کل مَیں نے (وزیراعظم نریندر) مودی جی کی انتخابی ریالیوں میں کی جانے والی تقریر دیکھا۔ جو کچھ میں نے دیکھا کہ مودی جی اپنی تقریر کے 60 فیصد حصہ میں صرف کانگریس اور میرے بارے میں ہی باتیں کررہے تھے کہ کانگریس یہ ہے وہ ہے وغیرہ‘‘۔
مودی حکومت کیا صرف مالداروں کی ہے ، راہول گاندھی کا سوال
نئی دہلی ۔ 5 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) نائب صدر کانگریس راہول گاندھی نے آج وزیراعظم نریندر مودی سے سوال کیا کہ کیا ان کی حکومت صرف مالدار لوگوں کیلئے ہے کیونکہ قیمتوں میں زبردست اضافہ ہورہا ہے اور غریبوں کا جینا مشکل ہوگیا ہے۔ دودھرا موصولہ اطلاع کے بموجب کانگریس کے سینئر قائد منیش تیواری نے آج راہول گاندھی کے گجرات میں عام جلسوں میں عوام کے ہجوم کو دیکھتے ہوئے پیش قیاسی کی کہ اس انتخابات سے قدیم شاندار پارٹی کی تاریخ میں ایک نیا موڑ آئے گا۔ مودی گجرات میں گذشتہ کئی دن سے روزانہ 12 سے زیادہ عام جلسوں سے خطاب کررہے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیاکہ یہ بے مثال ہے کہ ملک کے کسی وزیراعظم نے ریاستی اسمبلی انتخابات میں ایک دن میں اتنے جلسوں سے خطاب کیا ہو۔ منیش تیواری نے پیش قیاسی کی کہ برسراقتدار بی جے پی کو نوٹوں کی تنسیخ اور جی ایس ٹی پر عمل آوری کے نتیجہ میں گجرات کے دیہی علاقوں میں زبردست نقصان پہنچے گا اور کانگریس ریاست میں دوبارہ برسراقتدار آجائے گی۔