مودی ’’ جھوٹے وعدوں کے سوداگر ‘‘ : کانگریس

پرچارک کی طرح بات کی : سی پی ایم ، حقیقی موضوع سے انحراف : ممتا بنرجی
نئی دہلی ۔ 31 ۔ دسمبر : ( سیاست ڈاٹ کام ) : اپوزیشن جماعتوں نے نوٹ بندی کے سبب تکالیف سے دوچار عوام کے ساتھ بے حسی کا مظاہرہ کرنے پر وزیراعظم نریندر مودی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ۔ دوسری طرف بی جے پی نے مودی کے قوم سے خطاب میں کمزور طبقات کے لیے مختلف اسکیمات کی ستائش کی ۔ کانگریس نے وزیراعظم کو ’’جھوٹے وعدوں کا سوداگر ‘‘ قرار دیا اور کہا کہ انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ نوٹ بندی کے بعد 50 دن میں کتنے کروڑ روپئے کالا دھن جمع ہوا اور حکومت کتنی جعلی کرنسی کو ختم کرپائی ۔ کانگریس ترجمان سندیپ سرجے والا نے وزیراعظم پر عوام کی تکالیف کے معاملہ میں بالکلیہ بے حس ہونے کا الزام عائد کیا کیوں کہ مالی پابندیوں پر کوئی راحت نہیں دی گئی جیسے توقع کی جارہی تھی ۔ سی پی آئی ایم جنرل سکریٹری سیتارام یچوری نے کہا کہ وزیراعظم نے 45 منٹ تقریر کے دوران ’ پرچارک ‘ کی طرح بات کی اور یہ بجٹ تقریر کی طرح تھی ۔ ترنمول کانگریس سربراہ اور چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے ’ ماقبل بجٹ تقریر ‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے کالا دھن اور نوٹ بندی کے حقیقی ایجنڈہ سے انحراف کیا ہے ۔چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال نے وزیراعظم نریندر مودی پر عوام سے دھوکہ دہی کا الزام عائد کیا اور کہا کہ نوٹ بندی کے ذریعہ کالا دھن کا ایک روپیہ بھی حاصل نہیں ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو درپیش مسائل کو مودی نے یکسر نظر انداز کردیا۔۔