’مودی جموں و کشمیر پر پر دفعہ 370 اور دفعہ 35-A نہیں ہٹا سکتے‘

ہارجیت زندگی کا حصہ، راہول گاندھی امیتھی سے پھر جیتیں گے : فاروق عبداللہ
جموں ۔ 24 مئی (سیاست ڈاٹ کام) نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ نے جمعہ کو کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی جموں و کشمیر سے متعلق دستوری دفعہ 370 اور دفعہ 35-A کو ہٹا نہیں سکتے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کو چاہئے کہ وہ عوام کو تقسیم کے بجائے متحد کرنے کی کوشش کریں۔ فاروق عبداللہ نے اخباری نمائندوں سے کہا کہ ’’انہیں (مودی کو) اس حد تک طاقتور بننے دیجئے جتنا وہ بننا چاہتے ہیں لیکن وہ دفعہ 370 یا دفعہ 35-A نہیں ہٹاسکتے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ ’’دفعہ 370 اور دفعہ 35-A کیلئے ہمارے حق کا تحفظ کیا جانا چاہئے۔ ہمارے لئے یہ بہت اہم ہے۔ ہم اس ملک کے دشمن نہیں ہیں بلکہ سپاہی ہیں، فاروق عبداللہ نے وزیراعظم مودی سے خواہش کی کہ وادی کشمیر کو ریل نیٹ ورک کے ذریعہ ماباقی ملک سے مربوط کیا جائے۔ فاروق عبداللہ حلقہ سرینگر میں پی ڈی پی امیدوار آغا سید محسن کو 70,050 ووٹوں کی اکثریت سے شکست دیکر منتخب ہوئے ہیں۔ حلقہ سرینگر میں 12,94,560 ووٹرس ہیں اور فاروق عبداللہ کو 1,06,750 ووٹ حاصل ہوئے تھے۔ انہوں نے کثرت میں وحدت کا ایجنڈہ جاری رکھنے پر کانگریس کے صدر راہول گاندھی کی ستائش کی اور کہا کہ ’’ہارجیت زندگی کا ایک حصہ ہے۔ راہول گاندھی پانچ سال بعد دوبارہ جیت جائیں گے میں نہیں سمجھتا کہ امیتھی کے عوام انہیں (راہول گاندھی کو) بھول جائیں۔ میں سمجھتا ہوں کہ راہول گاندھی اب انہماک سے بیٹھیں گے اور اس بات کا جائزہ لیں گے کہ آیا آخر یہ سب کچھ کیسے ہوا اور کانگریس میں طاقت کی بحالی کو کیسے یقینی بنایا جائے گا‘‘۔ پاکستان کے بارے میں فاروق عبداللہ نے کہا کہ وزیراعظم اگر ملک کی حفاظت کے خواہاں ہیں تو انہیں ہمارے پڑوسیوں کے ساتھ دوستانہ تعلقات رکھنے کی ضرورت ہوگی۔