حیدرآباد 15 ڈسمبر ( آئی این این ) آندھرا پردیش قانون ساز کونسل میںقائد اپوزیشن سی رامچندریا نے آج الزام عائد کیا کہ وزیراعظم نریندر مودی ملک میں تقسیم پسندانہ سیاست کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں۔ سابق وزیر داخلہ سردار ولبھ بھائی پٹیل کو ان کی برسی کے موقع پر خراج پیش کرنے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے سی رامچندریا نے الزام عائد کیا کہ وزیر اعظم مودی ایسی تنظیموں کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں جو آر ایس ایس سے وابستہ ہیںاور یہ تنظیمیں ملک میں کھلے عام فرقہ وارانہ منافرت کو فروغ دے رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سردار پٹیل نے ملک کو متحد کیا تھا اور ان کے پیرو ہونے کا دعوی کرنے والے مودی ملک کو تقسیم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت کے اقدامات جمہوریت اور سکیولرازم کے جذبہ کے مغائر ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ مودی حکومت فرقہ پرست تنظیمیوں کی حوصلہ افزائی کا سلسلہ فوری بند کرے ۔