مودی بنے لالو اور ملائم سنگھ کے مہمان

نئی دہلی ۔ 26 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی اور صدر کانگریس سونیا گاندھی کے علاوہ سیاسی قائدین کی کثیر تعداد نے آج لالو پرساد یادو کی دختر اور ملائم سنگھ یادو کے پوتر بھتیجے کی استقبالیہ تقریب میں شرکت کی جو آج رات نئی دہلی میں منعقد ہوئی تھی ۔ سیاسی قائدین نے جماعتی وابستگی سے بالاتر ہوکر دو ریاستوں کے قائدین کی اس تقریب میں شرکت کی ۔ صدرجمہوریہ پرنب مکرجی بھی موجود تھے ۔ تقریب استقبالیہ میں نریندر مودی کے کٹر مخالف نتیش کمار بھی شریک تھے۔ دونوں نے مصافحہ کیا اور بعدازاں وزیراعظم نے نتیش کمار سے ان کی خیریت دریافت کی۔

انہوں نے یہ بھی دریافت کیا کہ بہار خسارہ بجٹ کیسے پیش کررہا ہے جبکہ فینانس کمیشن کی سفارشات کے بموجب ریاست کو زیادہ فنڈس دیئے گئے ہیں۔ مبصرین نے کہا کہ دونوں کے درمیان کئی برسوں میں یہ پہلی بات چیت تھی۔ نئے شادی شدہ جوڑے کو آشیرواد دینے والوں میں صدر کانگریس سونیا گاندھی بھی شامل تھیں۔ انہوں نے اڈوانی اور ملائم سنگھ یادو کے ساتھ کچھ دیر بات چیت بھی کی۔ ان کی روانگی کے بعد ان کی دختر پرینکا اور ان کے شوہر رابرٹ وڈرا دیگر کانگریسی قائدین بشمول ڈگ وجئے سنگھ، شیلاڈکشٹ، این سی پی کے صدر شرد پوار اور ان کی دختر سپریا پولے کے علاوہ گورنر رام نائیک بھی مہمانوں میں دکھائی دیئے لیکن بیشتر مہمان شادی میں بہت زیادہ روشنی کی وجہ سے پریشان نظر آرہے تھے۔
بعض مہمان سیاست اور سیاسی اتحادوں کے موضوع پر تبادلہ خیال کرتے بھی دیکھے گئے۔ استقبالیہ میں سیاسی رقابت کے باوجود قائدین کو ایک دوسرے سے خیرسگالی بات چیت کرتے ہوئے دیکھا گیا۔