خواتین پر مظالم کے معاملہ میں بی جے پی پر دوہرے معیار کا الزام
نئی دہلی 16 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی پر خواتین کے خلاف جرائم جیسے مسائل پر دوہرا معیار اختیار کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کانگریس نے آج کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کو صرف باتیں نہیں کام بھی کرنا چاہئے ۔ انہیں اس بات کو یقینی بنانا چاہئے کہ مبینہ طور پر عصمت ریزی کے الزامات کا سامنا کرنے والے مرکزی وزیر نہال چند میگھوال کو استعفی کیلئے مجبور کرنا چاہئے ۔ پارٹی نے کہا کہ جہاں پارٹی اتر پردیش میں عصمت ریزی کے مسائل کو موضوع بنا رہی ہے وہیں وہ مدھیہ پردیش میں خواتین کے خلاف جرائم پر خاموش ہے ۔ کل ہند مہیلا کانگریس کی صدر شوبھا اوزا نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ مودی صرف باتیں نہیں کام بھی کریں۔ مرکزی وزیر نہال چند کو استعفی پیش کرنا چاہئے تاکہ کسی دباؤ کے بغیر تحقیقات ہوسکیں۔ انہوں نے کہا کہ عصمت ریزی کی ایک ملزم کا کہنا ہے کہ اسے دھمکایا جا رہا ہے اور شکایت واپس لینے پر زور دیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت شکایت کنندہ خاتون کو تحفظ فراہم کرے ۔ 42 سالہ میگھوال مودی کی کابینہ میں راجستھان کے واحد نمائندے ہیں ۔ وہ کیمیکلز و فرٹیلائزرس کے منسٹر آف اسٹیٹ ہیں۔ 2011 میں ایک خاتون کی جانب سے درج کردہ ایف آئی آر میں ان کا نام بھی شامل ہے ۔ خاتون کا الزام ہے کہ اس کے شوہر نے اسے نشہ کروایا اور پھر اپنے کئی دوستوں بشمول میگھوال کو اس کی عصمت ریزی کا موقع فراہم کیا ۔