مودی ایودھیا میں رام مندر تعمیر کرکے دکھائیں

گاندھی نگر 21 مئی (سیاست ڈاٹ کام) گجرات اسمبلی میں قائد اپوزیشن شنکر سنہہ واگھیلا نے آج منتخب وزیراعظم نریندر مودی سے خواہش کی کہ وہ ایودھیا میں دستوری چوکھٹے کے اندر رام مندر تعمیر کرکے دکھائیں کیونکہ اب بی جے پی کو قطعی اکثریت حاصل ہے۔ امکان ہے کہ اُن کے اِس بیان سے کانگریس کو پریشانی لاحق ہوجائے، اُنھوں نے کہاکہ جب (لال کرشن) اڈوانی نے رتھ یاترا نکالی تھی، بی جے پی کا دعویٰ تھا کہ ووٹوں کے لحاظ سے اٹل بہاری واجپائی کو این ڈی اے کی وجہ سے سمجھوتہ کرنا پڑا تھا۔ لیکن اب بی جے پی کو اپنے بل بوتے پر اکثریت حاصل ہے۔ اگر این ڈی اے کو ساتھ لیا جائے تو ٹھیک ہے اگر نہیں تو ایودھیا میں دستوری چوکھٹے کے اندر رام مندر تعمیر کیا جانا چاہئے۔ شنکر سنہہ واگھیلا ریاستی اسمبلی کے خصوصی اجلاس سے خطاب کررہے تھے جو مودی کو وداعی دینے کے مقصد سے منعقد کیا گیا تھا کیونکہ بحیثیت چیف منسٹر اُن کی میعاد گجرات پر 12 سال حکومت کرنے کے بعد آج ختم ہوچکی ہے۔ واگھیلا جو بنیادی طور پر آر ایس ایس اور بی جے پی سے تعلق رکھتے ہیں، کہاکہ بی جے پی نے تیقن دیا تھا کہ یکساں سیول کوڈ اور وادیٔ کشمیر میں کشمیری پنڈتوں کی بازآبادکاری عمل میں لائی جائے گی۔ واگھیلا نے 1996 ء میں بی جے پی سے ترک تعلق کرکے اپنی راشٹریہ جنتا پارٹی قائم کی تھی اور کانگریس میں شامل ہونے سے پہلے چیف منسٹر بھی بنے تھے۔ حساس مسائل پر بات چیت کرتے ہوئے اپنی طنزیہ تقریر میں واگھیلا نے گودھرا کا بھی حوالہ دیا جو مودی کی دُکھتی رگ ہے اور اُن کے سیاسی کرئیر کا ایک نمایاں واقعہ ہے۔ سابرمتی اکسپریس میں کارسیوکوں کو زندہ جلادینے کے نتیجہ میں 2002 ء میں گجرات کے فرقہ وارانہ فسادات ہوئے تھے۔ واگھیلا نے کہاکہ گودھرا نے گجرات کے عوام کی زندگی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ ہندوستان کا وزیراعظم جو بھی بنے جیسے کہ مرار جی دیسائی جو گودھرا کے ڈپٹی کلکٹر تھے جب 1969 ء میں فسادات ہوئے تھے اور اُن پر صورتحال سے جانبداری کے ساتھ نمٹنے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔ اُنھوں نے اپنی نوکری سے استعفیٰ دے دیا تھا اور سیاست میں شامل ہوگئے تھے۔ آخرکار وزیراعظم بھی بن گئے۔ واگھیلا نے کہاکہ مودی نے بھی اپنی زندگی گودھرا اور وڈودرا میں پرچارک کی حیثیت سے گزاری ہے اور میں نہیں چاہتا کہ 2002 ء میں جو کچھ ہوچکا ہے اُس کا اعادہ ہو۔ انتخابی مہم کے دوران اُنھوں نے کئی تیقنات دیئے ہیں، جیسے کہ نوجوانوں کو ملازمتیں اور افراط زر پر قابو پانا۔ حلف برداری کے بعد اِن تیقنات کی تکمیل کے لئے آپ پر دباؤ شروع ہوجائے گا۔ آپ نے کہا ہے کہ آئندہ 6 ماہ میں افراط زر میں 25 فیصد کمی کریں گے۔ ہم آپ کا بطور وزیراعظم ایک سال مکمل ہونے تک آپ سے کوئی سوال نہیں کریں گے۔ لیکن ایک سال کے بعد افراط زر کے بارے میں یقینا سوالات کئے جائیں گے۔ کالے دھن کے بارے میں واگھیلا نے یوگا گرو رام دیو کی زیرقیادت ایک کمیٹی تشکیل دینے کی تجویز پیش کی تاکہ کالا دھن واپس لایا جاسکے۔ رام دیو پر مبینہ معاشی بے قاعدگیوں کے الزامات عائد کئے گئے ہیں جو اُن کی کمپنیوں میں کی گئی ہیں۔