مودی ایم اے میں بدرجہ اول کامیاب

احمد آباد ۔ /یکم مئی (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی کی تعلیمی قابلیت کے بارے میں پیدا شدہ تنازعہ کے درمیان گجرات یونیورسٹی نے آج ان (مودی) کی ایم اے کی ڈگری سے متعلق تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اس یونیورسٹی کے ایک ’’ایکسٹرنل‘‘ طالبعلم کی حیثیت سے 62.3 فیصد نشانات حاصل کیا تھا ۔ گجرات یونیورسٹی نے یہ معلومات اُس وقت پیش کی جب سنٹرل انفارمیشن کمیشن (سی آئی سی) نے دہلی کے چیف منسٹر اروند کجریوال کو یہ معلومات فراہم کرنے کی ہدایت کی تھی ۔ کجریوال نے معلومات فراہم کرنے والے اس ادارہ کی کارکردگی پر تنقید بھی کی تھی ۔ گجرات یونیورسٹی کے  وائس چانسلر ایم این پٹیل نے آج پی ٹی آئی سے کہا کہ ’’نریندر دامودر داس مودی نے 1983 ء کے دوران پولیٹکل سائینس میں پہلے مقام (فرسٹ کلاس) کے ساتھ ایم اے میں کامیابی حاصل کی ۔ انہیں 800 کے منجملہ 499 نشانات حاصل کئے ۔ اس یونیورسٹی کے ایکسٹرنل اسٹوڈنٹ کی حیثیت سے انہیں 62.3 فیصد نشانات حاصل ہوئے تھے ۔ کجریوال نے ان کے تصویری شناختی کارڈ کے بارے میں آر ٹی آئی کی ایک درخواست کے تحت طلب کردہ تفصیلات بیان کرنے سی آئی سی کے مکتوب کے جواب میں مطالبہ کیا تھا کہ وہ (کجریوال) اگرچہ اپنے بارے میں طلب کردہ تفصیلات بتانے کیلئے تیار ہیں ۔

مودی کی پیدائش کی دو تاریخیں :کانگریس
احمد آباد ۔یکم ؍مئی (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم مودی کی تعلیمی قابلیت کے بارے میں پیدا شدہ تنازعہ کے درمیان کانگریس نے آج الزام عائد کیا کہ مودی کی پیدائش کی تاریخیں پائی جاتی ہیں۔ اس نے گجرات یونیورسٹی کی جانب سے مودی کے ایم اے ڈگری کی تفصیلات پیش کرنے کے موقع محل پر سوال اٹھایا جبکہ اسی یونیورسٹی نے قبل ازیں رازدارانہ معاملہ کا حوالہ دیتے ہوئے تعلیمی قابلیت کا انکشاف کرنے سے انکار کردیا تھا۔گجرات کانگریس کے لیڈر نے بتایا کہ  نریندر مودی نے ایم این کالج وسنگر میں داخلہ لیا تھا جہاں پر ان کی تاریخ پیدائش 29 اگست 1949ء درج ہے جبکہ ان کے انتخابی حلف نامہ میں تاریخ پیدائش 17 ستمبر 1950ء بتایا گیا ہے۔