’’کانگریس کے دور میں رشوت خور جیل میں تھے ، اب بیرونی ملکوں میں ہیں ‘‘
حیدرآباد۔ 27 مئی (این ایس ایس) سی پی آئی کے قومی سیکریٹری ڈاکٹر کے نارائنا نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی حکمرانی کے چار سال کے دوران صرف کارپوریٹ کمپنیوں کو ہی فائدہ پہونچا ہے اور کہا کہ ملک میں دلتوں پر حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے پٹرولیم اشیاء کو جی ایس ٹی میں شامل کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔ ڈاکٹر کے نارائنا نے اپنی پارٹی کے ریاستی سیکریٹری چاڈا وینکٹ ریڈی کے ساتھ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران مزید کہا کہ کانگریس کے دور اقتدار میں رشوت خور افراد جیلوں میں تھے لیکن بی جے پی کے دور اقتدار میں رشوت خور افراد بیرونی ملکوں میں ہیں۔ چاڈا وینکٹ ریڈی نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی کی مرکزی حکومت، آندھرا پردیش کی تقسیم کے قانون پر عمل آوری نہیں کررہی ہے اور کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی اور تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ دونوں ایک ہی ہیں۔ سی پی آئی قائد نے عوام پر زور دیا کہ قانون تقسیم پر مودی حکومت کی طرف سے دیئے گئے تیقنات پر عمل آوری کے لئے تحریک شروع کی جائے۔