چیف منسٹر اے پی سستی شہرت کے حامی، رکن راجیہ سبھا کانگریس چرنجیوی کا الزام
حیدرآباد /30 اکتوبر (سیاست نیوز) کانگریس کے رکن راجیہ سبھا و سابق مرکزی وزیر چرنجیوی نے وزیر اعظم نریندر مودی اور چیف منسٹر آندھرا پردیش چندرا بابو نائیڈو پر سستی شہرت کے حصول کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ مودی اور نائیڈو کارپوریٹ اداروں کے ہاتھوں کا کھلونا بنے ہوئے ہیں اور اقتدار ان اداروں کے ہاتھوں میں پہنچ گیا ہے۔ انھوں نے ہُد ہُد طوفان کے متاثرین کو امداد کی فراہمی میں ناکامی اور طوفان کی قبل از وقت اطلاع ملنے کے باوجود جانی و مالی نقصانات کو کم کرنے میں ناکامی کا چیف منسٹر آندھرا پردیش پر الزام عائد کیا۔ انھوں نے کہا کہ طوفان کی تباہی سے عوام بے بس تھے، جب کہ چندرا بابو نائیڈو سستی شہرت حاصل کرنے میں مصروف تھے۔ انھوں نے کہا کہ اقتدار کے حصول کے لئے تلگودیشم نے اپنے انتخابی منشور کے ذریعہ عوام کو گمراہ کیا اور اب اقتدار حاصل ہونے کے بعد اپنے وعدوں سے انحراف کرکے عوام کو دھوکہ دیا جا رہا ہے۔ انھوں نے کالے دھن پر دوہرا رول ادا کرنے کا بی جے پی پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ بڑے بڑے دعوے کرنے والی بی جے پی کی قلعی کھل گئی ہے۔ مسٹر چرنجیوی نے کہا کہ این ڈی اے کی حلیف ہونے کے باوجود تلگودیشم کا مرکزی حکومت پر کوئی اثر نہیں ہے۔ انھوں نے تلگودیشم پر الزام عائد کیا کہ کسانوں کو ان کی قیمتی اراضیوں سے محروم کرکے وہاں آندھرا پردیش کا دارالحکومت بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے اور کسانوں کو اعتماد میں لینے کی بجائے انھیں ڈرا دھمکاکر ان کی اراضی حاصل کی جا رہی ہے۔