اسلام آباد ۔ 23 مئی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی وزیراعظم عمران خان نے اپنے ہندوستانی ہم منصب نریندر مودی کو عام انتخابات میں ان کی جماعت کی بھاری اکثریت سے کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ باہمی و علاقائی امن و خوشحالی کیلئے کام کریں گے۔ عمران خان نے اپنے پیغام میں کہاکہ میں اور نریندر مودی دونوں ملکوں کے عوام کی خوشحالی اور امن کیلئے کام کریں گے۔ ان کے اس پیغام سے قبل بشکیک میں پاکستانی وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اور ان کے ہندوستانی ہم منصب سشماسوراج سے ملاقات ہوئی تھی جس میں دونوں ملکوں کے مابین مذاکرات پر زور دیا گیا تھا۔