بنگال کو بچانے کا عزم ،کانگریس ۔ بایاں بازو اتحاد کا منفرد مظاہرہ ، ممتا اور مودی پر تنقید
کولکتہ۔ 27 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی نے سیاسی دوستی کا شاذ و نادر ہی کیا جانے والا منفرد مظاہرہ کرتے ہوئے آج سی پی آئی (ایم) کے بزرگ لیڈر اور مغربی بنگال کے سابق چیف منسٹر بدھا دیب بھٹاچارجی کے ساتھ ایک ہی شہ نشین پر نشست سنبھالی۔ اس موقع پر دونوں جماعتوں کے پرجوش حامیوں نے بنگال کو بچانے کیلئے کانگریس اور بائیں بازو اتحاد کی پائیداری کی تائید میں زبردست نعرہ بازی کی۔ ایک ایسے وقت جب دونوں جماعتوں کے حامی اتحاد کی تائید میں نعرہ بازی کررہے تھے کہ راہول گاندھی کو بھٹا چارجی کے ہاتھ تھام کر بیٹھے ہوئے دیکھا گیا۔ بھٹاچارجی نے جوابی خیرسگالی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے خطاب کے دوران زائد از دو مرتبہ ’پیارے راہول گاندھی‘ کہتے ہوئے کانگریس کے نائب صدر کا حوالہ دیا۔ کانگریس۔ بائیں بازو اتحاد کے معمار سمجھے جانے والے ان دونوں قائدین کو مشترکہ طور پر ایک بہت بڑا پھولوں کا ہار پہنایا گیا۔ بھٹا چارجی نے آج کے اجتماع کو فی الواقعی ایک شاذ و نادر کا واقعہ قرار دیا اور کہا کہ ’’بنگال کے لوگ اب تک بہت ریالیاں دیکھ چکے ہیں لیکن آج کی ریالی جہاں میں راہول کے ساتھ کھڑا ہوں، یقیناً تاریخ کا ایک منفرد واقعہ ہے۔ کانگریس اور سی پی آئی ایم متحدہ طور پر جدوجہد کررہے ہیں‘‘۔ اتحاد کی ضرورت کو حق بجانب قرار دیتے ہوئے بھٹا چارجی نے بیان کیا کہ ’’ہم ایک ساتھ کیوں کھڑے ہیں؟ کیوں کہ بنگال کو سنگین خطرہ لاحق ہے اور ہم سب کو بنگال بچانے کیلئے متحدہ جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے‘‘۔ بھٹا چارجی اور راہول گاندھی دونوں ہی نے اپنے ہاتھ لہراتے ہوئے ان پُرجوش کارکنوں کے نعروں کا جواب دیا جو ’’ترنمول ہٹاؤ ، بنگلہ بچاؤ‘‘ جیسے نعرے لگا رہے تھے۔ جلسہ گاہ کے وسیع و عریض میدان کے اطراف کانگریس پرچم کے ساتھ کمیونسٹ جماعتوں کے سرخ پرچم لہرا رہے تھے اور جگہ جگہ دونوں قائدین کے قد آدم پورٹریٹس لگائے گئے تھے۔ راہول گاندھی نے اپنے خطاب میں وزیراعظم نریندر مودی اور چیف منسٹر ممتا بینرجی کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ دونوں صرف جھوٹے وعدے کرتے رہے اور رشوت کے خلاف تاحال کوئی قدم نہیں اٹھایا۔ راہول اور بھٹا چارجی نے کانگریس ۔ بائیں بازو اتحاد کی کامیابی کا یقین دہانی کیا۔