نئی دہلی 28دسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) وزیراعظم نریندر مودی اور ہندستان کے تین روزہ دورہ پر آئے بھوٹان کے وزیراعظم ڈاکٹر لوتائے شیرنگ کے مابین جمعہ کو یہاں حیدرآباد ہاوس میں اہم دو طرفہ بات چیت ہوئی۔مسٹر شیرنگ کا یہ دورہ ہندستان۔ بھوٹان سفارتی تعلقات کے قیام کے گولڈن جوبلی سال میں ہورہا ہے ۔ وزیراعظم کاعہدہ سنبھالنے کے بعد جمعرات کو پہلی بار ہندستان کے دورہ پر آئے ڈاکٹر شیرنگ کا مرکزی وزیر مملکت برائے خزانہ شیوپرتاپ شکل نے استقبال کیا۔ذرائع نے بتایا کہ اس دوران بھوٹان کے 12ویں پنچ سالہ ترقیاتی منصوبہ سمیت مختلف امور پر بات چیت ہونے کی امید ہے ۔ وزارت خارجہ نے بتایا کہ دونوں ممالک کے مابین اعلی سطحی تبادلہ، آپسی تعلقات، اقتصادی، ترقی اور پن بجلی تعاون سمیت دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں پر بات چیت ہونے کی امید ہے ۔وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے کہاکہ ہندستان اور بھوٹان کے تعلقات اٹوٹ ہیں۔ وزیراعظم نریندر مودی کی دعوت پر تین روزہ دورہ پر ہندستان آئے بھوٹان کے وزیراعظم ڈاکٹر لوتائے شیرنگ کا یہاں وزیر مملکت برائے خزانہ نے استقبال کیا۔ ہندستان ۔بھوٹان سفارتی تعلقات کی پچاسویں سالگرہ منا رہے ہیں۔ڈاکٹر شیرنگ صدر رامناتھ کووند اور نائب صدر ایم ونکیا نائیڈو سے بھی ملاقات کریں گے ۔ ذرائع نے بتایا کہ مرکزی وزیر خزانہ ارون جیٹلی ، کامرس کے وزیر سریش پربھو اور وزیر توانائی آر کے سنگھ ڈاکٹر شیرنگ سے ملاقات کریں گے ۔وزیراعظم مودی نے بھوٹان کو 4500 کروڑ روپئے امداد دینے کا بھی اعلان کیا۔ اُنھوں نے 2,021 کروڑ روپئے اپنے غیرملکی دوروں پر 2014 ء سے اب تک خرچ ہونے کا ادعا کیا اور بنگلورو سے موصولہ اطلاع کے بموجب کہاکہ ترقی سے پاک کرپشن قائم کرنا حکومت کرناٹک کی خواہش ہے۔ وزیراعظم مودی نے جے ڈی ایس ۔ کانگریس مخلوط حکومت پر سخت لب و لہجہ میں تنقید کرتے ہوئے یہ الزام عائد کیاکہ حکومت کرناٹک کو ترقی سے کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ وہ صرف کرپشن سے دلچسپی رکھتی ہے اور ترقی سے پاک کرپشن چاہتی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ اُن کے بیرونی دوروں کی چارٹرڈ پروازوں، طیارے کی دیکھ بھال اور ہارٹ لائن کی سہولتوں پر 2014 ء سے اب تک صرف 2,021 کروڑ روپئے خرچ کئے گئے ہیں۔