واشنگٹن 2 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ نے پیرس میں جاری ماحولیاتی کانفرنس کے موقع پر وزیراعظم ہند نریندر مودی اور اُن کے پاکستانی ہم منصب نواز شریف کی مختصر ملاقات کا خیرمقدم کیا ہے۔ مودی اور نواز شریف نے مصافحہ کرنے کے بعد ایک گوشۂ عافیت میں بیٹھنے کو ترجیح دی تھی تاکہ کچھ پرخلوص کلمات کا تبادلہ ہوجائے۔ یاد رہے کہ نریندر مودی ہندی اور گجراتی زبان کے ماہر سمجھے جاتے ہیں لیکن اردو زبان بھی کسی حد تک سمجھتے ہیں جبکہ نواز شریف اُردو کے علاوہ پنجابی زبان بھی روانی سے بول لیتے ہیں۔ کہا جارہا ہے کہ دونوں قائدین نے کچھ اُردو اور کچھ ہندی زبان کا استعمال کرتے ہوئے اپنا اپنا موقف ظاہر کردیا جسے امریکہ کے علاوہ دیگر عالمی قائدین بھی ایک خوشگوار تبدیلی سے تعبیر کررہے ہیں۔