مودی اور شاہ کو کلین چٹ کے خلاف سپریم کورٹ میں آج سماعت

نئی دہلی ۔ 7مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) سپریم کورٹ نے کانگریس کی رکن پارلیمنٹ سشمتا دیو سے کہا ہے کہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی شکایات پر وزیراعظم نریندر مودی اور بی جے پی کے صدر امیت شاہ کو الیکشن کمیشن کی طرف سے دی جانی والی کلین چٹ پر مبنی احکام کا ریکارڈ پیش کریں ۔ چیف جسٹس رنجن گوگوئی اور جسٹس دیپک گپتا پر مشتمل بنچ نے آسام کے حلقہ سلچر سے تعلق رکھنے والی کانگریس کی رکن پارلیمان سشمتا دیو کی درخواست آئندہ سماعت 8مئی کو مقرر کی ہے ۔ سینئر ایڈوکیٹ ابھیشک مانو سنگھوی نے سشمیتا دیو کی طرف سے پیروی کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ انتخابی ادارہ نے وزیراعظم اور صدر بی جے پی کی طرف سے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں کی شکایات کو مسترد کرتے ہوئے غیر واجبی احکام جاری کئے ہیں ۔ درخواست گذار نے الزام عائد کیا کہ یہ دونوں قائدین اپنی مہم کے دوران مسلح افواج کو سیاسی رنگ دے رہے ہیں ۔ بنچ نے رکن پارلیمنٹ سے کہا کہ شکایات پر الیکشن کمیشن کی طرف سے منظورہ احکام سے متعلق ریکارڈ پر اضافی حلف نامہ داخل کریں ۔ یہ مقدمہ لاتور اور واردھا میں ریالیوں سے خطاب کے دوران مودی کی دو تقاریر میں پہلی مرتبہ حق رائے دہی سے استفادہ کرنے والے ووٹروں کو اپنے ووٹ پلوامہ حملہ کے شہیدوں اور بالاکوٹ فضائی حملوں سے معنون کرنے کا مشورہ دیا ۔